تازہ ترین

عوامی شکایات کا اطمینان بخش ازالہ | شکایتی سیل کا بنیادی مقصد : خورشید گنائی

11 جولائی 2019 (42 : 10 PM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//گورنر کے صلاحکار خورشید احمد گنائی نے کہا ہے کہ گورنر گریونس سیل کا بنیادی مقصد اطمینان بخش طریقے پر عوامی شکایات کا ازالہ کرنا ہے ۔ صلاحکار نے گریونس سیل میں مختلف عوامی وفود سے تبادلہ خیال کے بعد ان باتوں کا اظہار کیا ۔ اس دربار میں 30 سے زائد وفود نے صلاحکار سے ملاقات کر کے مختلف مطالبات اُن کے سامنے رکھے ۔ سٹیزن ویلفئیر فورم گاندر بل کے وفد نے قصبے میں منتخبہ جگہ پر سنٹرل یونیورسٹی کو فوری طور منتقل کرنے ، منی گام ، گاندر بل اور لاجورا پلوامہ اور اوقاف کمیٹی منز گام کلگام کے وفد نے تعلیمی اداروں کے قیام ، بجلی ، پانی ، صحت اور آبپاشی خدمات کی مانگ کی ۔ زڈی بل کے وفد نے علاقے میں عوامی پارکوں کی جاذبیت کو بڑھانے جبکہ مل ڈھیرا شوپیاں کے وفد نے مذکورہ گاؤں کو مل ڈٖھیرا ریونیو ولیج میں شامل کرنے کی مانگ کی ۔ جبلی پورہ بجبہاڑہ اور ناروا پلوامہ کے وفد نے آبپاشی سہولیات کے قیام اور بارہمولہ کے سومو ڈرائیوروں نے سومو سٹینڈ کے قیام کی مانگ کی ۔ مخصوص مضامین سے متعلق اساتذہ کے وفد نے اگلے سال فروری تک اُن کی ملازمت میں توسیع جبکہ وزیر اعظم پیکج کے تحت تعینات کشمیری پنڈت اساتذہ کے وفد نے بھی اپنے مطالبات سامنے رکھے ۔ نفسیات شعبے کے اساتذہ نے نئے ہائیر سکینڈری سکولوں میں نفسیات کے مضمون کو متعارف کرانے کی مانگ کی ۔ اس کے علاوہ دیگر کئی افراد نے بھی انفرادی طور اپنے مطالبات سامنے رکھے ۔ صلاحکار نے وفود کو غور سے سُنا اور جائیز مطالبات پر بروقت کاروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔