تازہ ترین

سرجان برکاتی کی رہائی کامطالبہ | اہلخانہ کا پریس کالونی میں احتجاج

10 جولائی 2019 (25 : 11 PM)   
(   عکاسی: مبشرخان    )

نیو ڈسک
 سرینگر//سال2016کی عوامی احتجاجی تحریک کے دورا ن گرفتار کئے گئے سرجان برکاتی کے اہلخانہ نے بدھ کوپریس کالونی میں احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ دو روز قبل ان کی اہلیہ کے ساتھ پیش آ ئے واقعہ کے بعد افراد خانہ کوعدم تحفظ لاحق ہو گیا ہے۔ سرجان برکاتی کے اہلخانہ جن  میں اسکی11 سالہ بیٹی اور  8سالہ بیٹا  بھی شامل تھے ،نے برکاتی کی رہائی کا مطالبہ کیا۔برکاتی کی دس سالہ بچی صغرہ برکاتی نے کہا ’’میرے والد کے بغیر گھر میں اور کوئی بھی مرد نہیں ہے جو اْن کی کفالت کر سکے ،ہم بہن بھائی بھی دوسرے بچیوں کے ساتھ تعلیم حاصل کرناچاہتے ہیں لیکن جب ماں والد کی رہائی کیلئے عدالتوں کے چکر کاٹے اور والد جیل میں ہو تو اْن کی تعلیم کیسے ممکن بن سکتی ہے۔انہوںنے دو روز قبل گھر میں پیش آ ئے واقعہ کی تفصیل میڈ یا کو بتا تے ہوئے کہاکہ7 جولائی کو ہماری والد دودھ لانے کیلئے گھر سے نکلی جس دوران نامعلوم افراد نے ایک سکارف کے ساتھ اس کامنہ ڈھانپ لیا اور اسے اغوا کرنے کی کوشش کی جس دوران اسکے ہاتھ سے برتن گرگیا اور پاس پڑو سیوں کی مدد سے ہمار ی والدہ محفوط طریقے سے گھر پہنچ گئی۔