تازہ ترین

کرناہ اور گریز کیلئے ٹنلوں کی تعمیر کا مطالبہ

سرینگر اور کرناہ میں احتجاجی دھرنا اور بھوک ہڑتال جاری

10 جولائی 2019 (25 : 11 PM)   
(      )

اشفاق سعید
سرینگر // کرناہ کی نستہ چھن گلی اور گریز کی رازدان ٹاپ پر مجوزہ ٹنلوں کی تعمیر کے حق میں پیپلز یونائٹڈ فرنٹ کا دھرنا انجینئر رشید کی قیادت میں دوسرے دن میں داخل ہو چکا ہے، جبکہ کرناہ میں ٹنل کورڈی نیشن کمیٹی کی جانب سے جاری بھوک ہڑتال پر بیٹھے کئی مظاہرین کی حالت بھی بگڑگئی ہے ۔عوامی اتحاد پارٹی کے صدر انجینئر رشید گریز اور کرناہ کیلئے ٹنلوں کے مطالبہ کو لیکر سیول سکریٹریٹ کے سامنے دھرنا دے رہے ہیں اور اس دوران سماج کے مختلف طبقات سے وابستہ لوگوں نے یکجہتی کے اظہار کیلئے دھرنا میں شرکت کی۔دھرنا میں کرناہ اور گریز کے کئی افراد کے علاوہ وادی کے دیگر علاقوں سے آئے ہوئے وکلاء۔طلباء،تاجروں اور سیول سوسائٹی کے ممبران نے بھی شرکت کی اور سرحدی عوام کے حالات زندگی کو بہتر بنائے جانے کا مطالبہ اجاگر کرنے کیلئے جاری تحریک کے تئیں ہمدردی کا مظاہرہ کیا۔انجینئر رشید نے نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کی جانب سے ہر معاملے کو سیاست زدہ کرنا یا عوامی مفاد کی ہر بات میں سیاسی زاویہ تلاش کرنا سارے نظام اور سماج کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہوتا آیا ہے۔انہوں نے کہا’’عوامی اتحاد پارٹی مسائل کی حد تک دیگر ہم خیال سیاسی پارٹیوں کے ساتھ اشتراک کیلئے ہمیشہ تیار رہی ہے تاکہ لوگوں کو انصاف دلایا جاسکے۔چونکہ ہم سبھی(سیاسی پارٹیوں) کے بیشتر مسائل ایک ہیں لہٰذا ان مسائل کے حل کیلئے ’’کامن گراونڈ ‘‘تلاش کرنا ہماری ترجیح ہونی چاہیئے‘‘۔انجینئر رشید نے مزید کہا کہ وہ ہر اس سیاسی پارٹی کے ساتھ ،اس معاملے پر،ہاتھ ملانے کو تیار ہیں کہ جو کرناہ،گریز اور اس جیسے دیگر علاقوں کے لوگوں کے مصائب کو ختم کرنے کیلئے جدوجہد کرنا چاہتی ہو۔اُدھر نستہ چھن گلی پر مجوزہ ٹنل کی تعمیر کے حق میں جاری ٹنل کوارڈی نیشن کمیٹی کرناہ کا احتجاج تیسرے دن میں داخل ہو رہا ہے جبکہ بدھ کو دوسرے روز کئی ایک احتجاجیوں کی حالت ابتر ہو گئی ۔ٹنل کوارڈی نیشن کمیٹی کے زمہ داران کا کہنا ہے کہ احتجاج 72گھنٹوں تک جاری رہے گا اور شام کے وقت ایک میٹنگ بھی منعقد ہو گی جس میں آنے والے دنوں کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا ۔کمیٹی کے چیئرمین ولی احمد قریشی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہما را یہ مطالبہ ہے کہ شاہراہ پر ٹنل تعمیر کرنے کیلئے سرکار اقدامات اٹھائے تاکہ لوگوں کو آنے والے دنوں میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹنل علاقے کی عوام کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔