شاہراہ پر قاضی گنڈ تک کوئی پابندی نہیں

یاتریوں کی کمی کیساتھ ہی انتظام میں تبدیلی ہوگی: صوبائی کمشنر

11 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

اشفاق سعید
سرینگر // صوبائی کمشنر کشمیربصیر احمد خان نے کہا ہے کہ جموں سرینگرشاہراہ پر یاترا کے دوران عام لوگوں کے چلنے پھرنے پر کوئی بھی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ شاہراہ پر ٹریفک کا دبائو ہے اور اس کو کم کرنے کی خاطر ٹریفک نظام میں کچھ تبدیلیاں عمل میں لائی گئی ہیں جو آنے والے دنوں میں آہستہ آہستہ کم ہوں گی۔بدھ کو سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بصیر احمد خان نے کہا کہ یہ سرا سر افواہ بازی ہے کہ شاہراہ پر یاترا کے دوران عام لوگوں کی نقل حرکت پر پابندی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یاتریوں کی کانوائے بہت لمبی ہوتی ہے، اس لئے شاہراہ کی حالت مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک ریگولیشن کا استعمال کیا جاتا ہے ۔انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یاترا کی مدت اور اوقات کار کے دوران سرینگر جموں شاہراہ پر عام لوگوں کے چلنے پھرنے پر کسی بھی طرح کی مکمل پابندی عائد نہیں ہے بلکہ یاترا کو لیجانے والی گاڑیوں کی بلا خلل آواجاہی کیلئے انتظامیہ نے ٹریفک سسٹم میں تبدیلی لائی ہے۔انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ قومی شاہراہ کی حالت کیا ہے، راستہ بہت تنگ ہے، کھبی کھبار چٹانیں بھی کھسک آتی ہیں، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے غور کیا گیا کہ دن میں کس طرح یاتریوں کی کانوائے کو نکالا جائے تاکہ باقی لوگوں کو چلنے میں تکلیف نہ ہوسکے۔ بصیر احمد خان نے کہا کہ سیول ٹریفک کی نقل وحمل پر پابندی صرف مختصر اور مخصوص وقت کے لئے رہتی ہے تاکہ یاتریوں کی کانوائے نکل جائے اور اس کے بعد نارمل ٹریفک بحال ہوجائے۔انہوں نے کہا کہ اننت ناگ اور قاضی گنڈ جانے والوں کیلئے کسی بھی طرح کی کوئی پابندی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب یاتریوں کی تعداد میں کمی آئے گی تو پھر ٹریفک ریگولیشن بھی نہیں رہے گی۔آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی نے کہا کہ سیول ٹریفک پر کوئی پابندی نہیں ہے تاہم شاہراہ کی حالت دیکھتے ہوئے ایک میکانزم بنایا گیا ہے۔تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ ٹریفک نظام پچھلے دو برسوں سے چلا آیا ہے لیکن اس بار ٹائم لائن میں فرق آیا ہے۔
 

یاترا کا دسواں دن

۔ 9,307 کی حاضری 

سر ینگر// امرناتھ یاترا کے دسویں روز 9,307یاتریوں نے گپھا پر حاضری دے کر شو لنگم کے درشن کئے۔ یاترا شروع ہونے سے اب تک کل 1,30,503یاتریوں نے گپھا پر حاضری دی ہے۔
 

تازہ ترین