تازہ ترین

ٹرمپ کی ہٹ دھرمی ، برطانوی سفیر مستعفی ہونے پر مجبور

10 جولائی 2019 (07 : 10 PM)   
(      )

یو این آئی
 واشنگٹن//  سرکاری ای میلز میں امریکی صدر کو ہدف تنقید بنانے والے برطانوی سفیر سرکِم ڈارک نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں تعینات برطانوی سفیر سرکِم ڈارک نے ای میلز لیک اسکینڈل پر امریکی صدر سے شدید اختلافات کے بعد مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سرکم نے برطانوی وزیر اعظم کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔ برطانوی سفیر نے اپنے استعفیٰ میں لکھا کہ گو سال کے آخر میں میری ریٹائرمنٹ ہے تاہم میں سمجھتا ہوں کہ موجودہ کشیدہ صورت حال میں نئے سفیر کی تعیناتی ضروری ہوگئی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو گزند نہ پہنچے۔ چند روز قبل برطانوی اخبار میں سر کم ڈراک کی افشا ہونے والی ای میلز شائع ہوئی تھیں جس میں صدر ٹرمپ کو کند ذہن، نااہل اور ناکارہ کہا تھا جب کہ امریکا کو غیر محفوظ ملک اور امریکی پالیسیوں کو غیر یقینی بھی قرار دیا تھا۔ لیک ای میلز پر امریکی صدر نے برطانوی سفیر کو احمق قرار دیا اور انکے ساتھ مزید کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔