تازہ ترین

جمال خاشقجی قتل: ’امریکہ اقوام متحدہ کی رپورٹ پر عمل کرے‘

10 جولائی 2019 (07 : 10 PM)   
(      )

یو این آئی
ریاض// اقوام متحدہ کی جانب سے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی ہلاکت پر متعین نمائندہ تفتیش کار ایگنیس کیلمارڈ نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خاشقجی کی موت پر مرتب کی گئی رپورٹ کی سفارشات پر عمل کرے۔؎ انسانی حقوق کی ماہر ایگنیس کیلمارڈ کا کہنا ہے کہ ’خاموش رہنا کوئی آپشن نہیں ہے۔ اس (ہلاکت) پر بات کرنے کی ضرورت ہے اور یہ بھی کافی نہیں ہے۔ ہمیں عمل کرنا ہو گا۔‘ اپنی تفتیشی رپورٹ میں ایگنیس کیلمارڈ نے گذشتہ برس اکتوبر میں ترکی کے شہر استنبول میں سعودی سفارت خانے میں جمال خاشقجی کی ہلاکت کو 'ماورائے عدالت قتل' قرار دیا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کو اس معاملے میں ایف بی آئی یا عدالتی تحقیقات کروانی چاہیں۔ منگل کے روز لندن میں خاشقجی کی منگیتر کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس میں بات کرتے ہوئے ایگنیس کیلمارڈ نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ اس قتل پر ہونے والی تحقیقات کو عام کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ واشنگٹن قتل کی تفتیش میں تعاون کرنے والوں کی لسٹ میں سرِفہرست نہیں ہے۔ جون میں شائع ہونے والی ایگنیس کیلمارڈ کی 101 صفحات کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اس بات کے 'معتبر شواہد' موجود ہیں کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر اعلی عہدیدار اپنی انفرادی حیثیت میں جمال خاشقجی کی ہلاکت کے ذمہ دار ہیں۔ سعودی انٹیلیجینس اہلکاروں نے صحافی خاشقجی کو استنبول میں سعودی سفارت خانے کے اندر قتل کیا تھا تاہم حکام کا اصرار ہے کہ اہلکاروں نے یہ سب محمد بن سلمان کے احکامات پر نہیں کیا۔ ایگنیس کیلمارڈ اقوام متحدہ کی نمائندہ نہیں ہیں تاہم وہ اپنی تحقیقات کے نتائج اقوام متحدہ کو رپورٹ کرتی ہیں۔