تازہ ترین

۔6ہزار اساتذہ کی مستقلی | ٹیچرس ایسوسی ایشن نے خیر مقدم کیا

10 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(   عکاسی: مبشر خان    )

بلال فرقانی
سرینگر// گورنر انتظامیہ کی طرف سے6ہزار اساتذہ کو مستقل کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ٹیچرس ایسو سی ایشن نے اس فیصلے کو تاریخی سنگ میل قرار دیاہے۔ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹیچرس ایسو سی ایشن نے انتظامی کونسل کی طرف سے اساتذہ کو مستقل کرنے کے فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اساتذہ کی دیرینہ مانگ تھی ۔جموں کشمیر ٹیچرس ایسو سی ایشن کے صدرشاہ فیاض نے سرو شکھشا ابھیان کے تحت تعینات اساتذہ کے مسائل کا ازالہ کرنے پر ریاستی گورنر ایس پی ملک اور انکے مشیروں کے علاوہ محکمہ تعلیم و صوبائی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ95فیصد مسائل کا ازالہ کیا گیاجو ایک تاریخی قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ41ہزار اساتذہ کے مسائل حل ہونے سے9لاکھ کی آبادی مستفید ہوئی۔انہوں نے کلہم خواندگی مہم کے تحت تعینات اساتذہ کے مسائل کو شدید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل مسلسل حکومتوں نے انہیں ناامید کیا تھا،تاہم گورنر انتظامیہ بشمول چیف سیکریٹری، صوبائی کمشنر،سابق وموجودہ ناظم تعلیمات اور گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے انکے مسائل کا ازالہ کرنے میں کلیدی رول ادا کیا۔