تازہ ترین

بانڈی پورہ کی ایک بستی کا ڈپٹی کمشنر دفتر کے باہر احتجاج

نقب زنوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

10 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میں چک ارسلان خان نامی بستی کے لوگوں نے گرفتار کئے گئے نقب زنوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے اس سلسلے میںڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔انہوںنے کہا کہ نقب زنوں کا یہ گروہ ہتھیار سمیت بستی میں گھومتے ہیں۔ سرپنچ عبدالمجید راہی نے بتایا کہ نقب زنوں نے رات کے ساڑھے گیارہ بجے بستی میں داخل ہوکرجونہی نقب لگانے کی کوشش کی تو وہاں موجود لوگوں نے ہمت کر کے دو نقب زنوں کو دبوچ کر دو بجے رات پولیس کے حوالے کردیاجبکہ اس گروہ کے دیگر افراد فرار ہونے میںکامیاب ہوئے ۔سرپنچ نے کہا کہ جب دونوں نقب زنوں کودبوچ لیا گیا تو آدھے گھنٹے کے بعد باپورہ کیمپ کے میجروہاں پہنچ گئے اورنقب زنوں کی رہائی پر زور دیا لیکن عوام نے انہیںپولیس کے حوالے کردیا۔ دریں اثناء پیپلز مومنٹ کے ڈاکٹر غلام مصطفی خان نے کہا کہ نقب زنوں نے دبوچ لینے کے دوران ہوا میں گولی چلائی جس کی وجہ سے گروہ میں شامل بعض فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔احتجاجی مظاہرین نے خدشہ ظاہر کیا کہ فوج کی مداخلت سے معاملے کو دبانے کی کوشش ہوگی لیکن ایس ایچ او بانڈی پورہ محمد سلیم نے کہا کہ دونوں نقب زن پولیس کی تحویل میں ہیں اور مزید تفتیش ہورہی ہے۔