پاکستان کی مشہور اداکارہ ذہین طاہرہ کا انتقال

10 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

اسلام آباد//پاکستانی تھیئٹر اور ٹیلی ویژن دنیا کی مشہور اداکارہ ذہین طاہرہ کا دل کا دورہ پڑنے سے 79سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ پاکستان سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ذہین طاہرہ کو گزشتہ شب دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد فوری طور پر انہیں کراچی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں منتقل کیا گیاتھا۔جہاں انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ مشہور پاکستانی اداکار عمران عباس نے بھی سوشل میڈیا پر اداکارہ کے مداحوں کے ساتھ یہ خبر شیئر کی۔ ان کے پوتے ڈینئل شہزاد نے فیس بک پر اداکارہ کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا‘‘میری دادی ذہین طاہرہ نہیں رہیں’’۔ انہوں نے آج صبح آغا خان اسپتال میں آخری سانس لی۔ساٹھ کے عشرہ میں تھیئٹر میں مصروف رہنے والی ذہین نے 700سے زائد ڈراموں میں اپنی اداکاری سے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔وہ کئی ٹیلی ویژن سیریلز کی پروڈیوسر اور ڈائرکٹر بھی تھیں۔ ان کے مقبول ڈراموں میں ‘خدا کی بستی’ اور ‘عروسہ’ بھی شامل ہے ۔ پاکستان ٹیلی ویژن میں بہترین کارکردگی اور شاندار تعاون کیلئے انہیں 2013میں انہیں ‘تمغہ امتیاز’ سے نوازا گیا۔یو این آئی    

تازہ ترین