تازہ ترین

اقبال آباد بمنہ میں سڑکوں کی حالت بد سے بدتر

گردوغبار سے مکینوں کا جینا حرام ، میگڈم بچھانے کی مانگ

9 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//اقبال آباد بمنہ میں سڑکوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ حالت ہونے سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ اقبال آباد بمنہ لین 4کے لوگوں کاکہنا ہے کہ سڑکوں پر جگہ جگہ گہرے اور بڑے کھڈ ہونے کے باعث راہگیروں کو گوناں گوں مسائل سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔ مقامی آبادی کاکہنا ہے کہ کئی سال قبل سڑکوں پر میگڈم بچھایا گیا جس کے سبب لوگوں نے راحت کی سانس لی لیکن پانی کی پائپ بچھانے کیلئے سڑک کی کھدائی کی گئی اور سڑکیں دوبارہ کھنڈرات میں تبدیل ہوگئیں۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ سڑکوں پرگہرے کھڈ بن گئے ہیںاور بارشوں میں جمع پانی وبال جان بن جاتا ہے۔ ایک مقامی شہری افتخار احمد خان نے کہاکہ سردیوںمیںبرف پگھلنے سے پانی کھڈوں میں جمع تھا جس کے سبب لوگوں کے عبورومرور میں مشکلات پیش آئیں۔ مذکورہ شہری نے کہاکہ اب جبکہ موسم گرما ہے اور سڑک پرگاڑیوں کی چلنے سے اٹھنے والے گردوغبار سے راہگیروں اور مکینوں کو شدید ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ہر وقت منہ ڈھانپ کر چلنا پڑتا ہے۔ ایک اور مقامی شہری طارق احمد کاکہنا ہے کہ علاقہ کی سڑکیں اس قدر خستہ ہیں کہ آٹو والے بھی یہاں آنے سے گریز کرتے ہیں۔ مذکورہ شہری نے کہاکہ ’میں نے لالچوک میں گھر کیلئے سامان خریدا اور جب آٹو والے سے کہاکہ اسے اقبال آباد لے جانا ہے تو آٹو والے نے صاف انکار کیاکہ وہاں کی سڑکیں اس قدر خستہ حال ہیں کہ نفع کے بجائے نقصان اٹھانا پڑے گا‘۔ مقامی آبادی کاکہنا ہے کہ کئی بارگزارشات کے باوجود بھی سڑک پر میگڈم نہیں بچھایاجارہا ہے۔ لوگوںنے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس وقت میگڈم بچھانے کیلئے موزوں گرمی ہے لہذا سردیاں آنے سے قبل لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کیاجائے۔