تازہ ترین

قربانیاں ناقابل فراموش:حریت گ

مصائب و مشکلات کے باوجودمشن نظروں سے اوجھل نہیں

9 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر// حریت (گ) نے 8جولائی کی ہڑتال کو کامیاب بنانے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے ایک بار پھر اپنی مبنی بر حق تحریک کے تئیں محبت اور عقیدت کا اظہار کرکے ایک واضح پیغام دیا ہے کہ یہ قوم گوناگوں مشکلات، مصائب اور جنگی صورتحال کا سامنا کرنے اور عذاب وعتاب کے اعصاب شکن حالات سے دوچار ہونے کے باوجوداپنی قربانیوں کو فراموش کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ ایک بیان میںحریت (گ)نے کہا کہ جو قوم اپنے مشن کو نظروں سے اوجھل نہیں ہونے دیتی ،اُس کو طاقت اور گولی بارود سے زیر کرنے کا کوئی بھی حربہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ لوگوں نے نہ صرف مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کی بلکہ جموں کشمیر کے اطراف واکناف اور دنیا بھر میں دعائیہ مجالس اور تقاریب کا اہتمام کیاگیا۔ حریت نے ان خبروں پر تشویش کا اظہار کیا جن کے مطابق جنوبی کشمیر کے اکثر علاقوں میں فوج کی طرف سے لوٹ مار اور گھریلو سامان تہس نہس کرنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ بیان کے مطابق حریت پسندوں کا مقابلہ کرنے کے بجائے وردی پوش، طاقت کے زور پر نہتے اور عام شہریوں کونشانہ بنا کر اپنی بزدلی کا ثبوت فراہم کرتے ہیں۔ حریت کانفرنس نے مزاحمتی قیادت کا سیاسی سطح پر مقابلہ کرنے کے بجائے انہیں آئے روز گرفتار کرکے زینت زندان بنانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔