تازہ ترین

مزید خبریں

6 جولائی 2019 (48 : 10 PM)   
(      )

نیو ڈسک

 ضروری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری:خورشید گنائی 

ڈگری کالج اننت ناگ میںپیشہ ورانہ کورسز متعارف کرانے پر زور

اننت ناگ//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کہا کہ گورنمنٹ ڈگری کالج بوائز اننت ناگ کو ترقی دینا اور کالج میں تعلیم حاصل کر رہے طلباء کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے اس بات پر فخر کا اِظہار کیا ہے کہ وہ خود اس کالج کے طالب علم رہ چکے ہیں۔خورشید گنائی نے کہا کہ اس کالج نے سکالروں ، سائنسدانوں ، بیوروکریٹوں ، سیاست دانوں اور بین الاقوامی سطح پر معروف سٹیٹس مین پید ا کئے ہیں۔اُنہوں نے کالج میں سکل ڈیولپمنٹ اور پیشہ وارانہ کورسوں کو متعارف کرنے پر زور دیا تاکہ تعلیم یافتہ نوجوان روزگار ڈھونڈنے والوں کے بجائے روزگار فراہم کرنے والے ثابت ہوں ۔اُنہوں نے ڈائریکٹر کالجز کو ہدایت دی کہ وہ ویری ناگ ، قاضی گنڈ ، مٹن ،سلی گام اور چھٹی سنگھ پور ہ میں نئے منظور شدہ کالجوں کو بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کے لئے ڈی پی آر تیار کریں۔اس سلسلے میں مشیر موصوف نے ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کو ہدایت دی کہ وہ ڈگر ی کالج لارنو کو تعمیر کرنے کے لئے اراضی کی نشاندہی کریں۔یہ کالج اس وقت ایک کرایہ کی عمارت میں اپنے تدریسی کام کاج جار ی رکھے ہوئے ہیں۔مشیر موصوف نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا ہے کہ حکومت نے ریاست جموں وکشمیر کے لئے 102نئے کالجوں کے قیام کی منظوری دی ہے ۔ تاکہ ریاست کے طلباء کو اُن کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیم کی سہولیات یقینی بنائی جاسکے۔اُنہوں نے کالجوںمیں سمارٹ کلاس ٹیچنگ پر بھی زور دیا۔ڈائریکٹر کالجز پروفیسر یاسین احمد شاہ نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔کالج کے پرنسپل نے کالج کے حصولیابیوں پر ایک خاکہ پیش کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ خالد جہانگیر ، ڈائریکٹر کالج اور جنوبی کشمیر کے کالجوں کے پرنسپل صاحبان اس موقعہ پر موجود تھے۔
 
 
 

 منشیات مخالف مہم| ہندوارہ میں برائون شوگر ضبط،ایک گرفتار 

سرینگر//ہندواڑہ پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیاء برآمد کرلیںجبکہ اُن تین میں سے دو اشخاص کو بھی دھر لیا گیا جنہوں نے گرفت میں لئے گئے منشیات فروش کو چھڑانے کی خاطر پولیس پر سنگ باری کی۔ مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے بائی پاس کراسنگ ہندواڑہ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کے قبضے سے برائون شوگر برآمد کرلیاگیا۔ پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 173/2019کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔علاوہ ازیں منشیات فروش کو چھڑانے کی خاطر تین افراد نے پولیس پارٹی پر سنگباری کی تاہم پولیس ٹیم کی موثر حکمت عملی کے باعث اُن کے منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا ۔ پولیس نے دو حملہ آوروں کو موقع پر ہی گرفتار کیا جبکہ تیسرا جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔ مفرور شخص کی شناخت جاوید احمد میر ساکن صدر گنڈ ہندوارہ کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے اس حوالے سے ایف آئی آر زیر نمبر 174/2019کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
 
 
 
 

 گیلانی کی بگڑتی صحت پر ایتو کا اظہار تشویش 

سرینگر//پی ڈ ی پی لیڈر نذیر احمد ایتو حریت لیڈر سید علی گیلانی کی بگڑتی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ نماز عشاء کے بعد موصوف کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کریں۔انہوں نے کہا کہ گیلانی صرف اسکالر ہی نہیں بلکہ جنوبی ایشیاء کا اثاثہ ہیں۔پیروان ولایت نے حریت (گ)چیئرمین سید علی شاہ گیلانی کی بگڑتی صحت پر فکرمندی کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم نے گیلانی کو مسلسل نظر بند رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا۔سربراہ تنظیم نے کہا کہ گیلانی کو مسلسل نظر بند رکھنے سے اُنکی صحت پر کافی برے اثرات مرتب ہوئے ہیں لیکن افسوس کا مقام ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار چپ سادھ لئے ہوئے ہیں ۔انہوں نے انسانی حقوق کے علمبرداروں سے اپیل کی کہ وہ بزرگ لیڈر کی رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
 
 
 
 

لداخ کیلئے نئی اسامیوں کا اعلان

حاجی عنایت علی نے گورنرکا شکر یہ ادا کیا

سر ینگر//جموں وکشمیر قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی نے حال ہی میں تشکیل دئیے گئے لداخ صوبے کے لئے مختلف محکموں کی اَسامیاں معرضِ وجود میں لانے کے لئے گورنر اِنتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔حاجی عنایت نے گورنر ستیہ پال ملک ، چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم اور لداخ صوبے کی تشکیل کے لئے کمیٹی کے چیئرمین روہت کنسل کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ اس فیصلے سے لداخ خطے کے لوگوں کی جذبات کی قدر کی گئی ہے۔اُنہوں نے گورنر سے اپیل کی ہے کہ وہ ان اَسامیوں کی جلد ازجلد بھرتی کو یقینی بنائیں اور دیگر دفاتر کو کارگربنانے کے لئے اقدامات کریں۔
 
 
 

ڈسٹرکٹ واٹر اینڈ سنیٹیشن مشن،ڈی سی بڈگام کی صدارت میں میٹنگ

بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر کی صدارت میں آج ڈسٹرکٹ واٹر اینڈ سنیٹیشن مشن کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔میٹنگ کا انعقاد نیشنل رورل ڈرنکنگ واٹر پروگرام کے تحت کیا گیا۔میٹنگ میں اے ڈی سی،ایس ای ہائیڈرالکس ،جے ڈی پلاننگ اور دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران پانی کے تحفظ ،پانی کی شفافیت ،پان کی کمی پر قابو پانے اور پینے کے پانی کے معیار کو یقینی بنانے کی مناسبت سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے سی ای او بڈگام کو ذاتی طور پر ڈائس فنکشنل ٹوئلٹس کے معاملات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی جس کے لئے محکمہ صحت عامہ سے بھی تعائون طلب کیا جائے گا۔اس دوران ترقیاتی کمشنر  نے محکمہ کے تمام آفیسران پر سوشل فارسٹری کے معاملات کی طرف وسیع پیمانے پر توجہ مبذول کرنے کی ہدایت دی تاکہ پانی کے مسائل پر قابوپایاجاسکے۔میٹنگ کے دوران واشنگ اورسروس پمپ اسٹیشنوں کو کارگر ٹریٹمنٹ پلان تیار کرنے کو بھی ہدایت دی گئی۔
 
 
 

کولگام میں نیشنل کانفرنس کی تقریب 

پارٹی لیڈر غلام نبی ڈار کو برسی پر خراج عقیدت

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے پارٹی لیڈر غلام نبی ڈار کو برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس قربانیوں کی وجہ سے ہی ریاست کی انفرادیت ،اجتماعات اور وحدت برقرار ہے ۔تقریب ٹائون ہال ژولگام کولگام میں منعقد ہوئی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی لیڈران نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ریاست کے لوگوں کی خوشحالی کیلئے وعدہ بند ہے۔انہوں نے کہا کہ اُن کی پارٹی ریاستی مفادات کا دفاع کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیںکرے گی۔مرحوم غلام نبی ڈار کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ مرحوم  پارٹی اوریہاں کے لوگوں کیلئے قیمتی اثاثہ تھے ۔اس سے قبل پارٹی لیڈران ، عہدیداران اور کارکنان نے صبح سویرے ہی مرحوم کے مقبرہ پر فاتحہ خوانی اور گلباری کی ۔پارٹی کی ریاستی سیکریٹری سکینہ ایتو، ضلع صدر کولگام ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، ترجمان عمران نبی ڈار ، ضلع سیکریٹری صفدر علی خان اور ایڈوکیٹ ریاض احمد خان کے علاوہ کئی عہدیداران اس موقعہ پر موجود تھے۔
 
 

نعیم اختر کا پروفیسر ٹینگ کے انتقال پر اظہار رنج

سرینگر//پی ڈی پی کے سینئر لیڈر نعیم اختر نے پروفیسر ایم کے ٹینگ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موصوف قومی اور بین الاقوامی سطح کے دانشور اور تھنک ٹینک تھے۔نعیم اختر نے سوگوار کنبے سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔
 
 

کولگام میں 9جولائی کو پری لوک عدالت 

کولگام//ضلع کورٹ کمپلیکس کولگام کے احاطے میں چیرمین ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کولگام کی صورت میں 9جولائی کو ایک پری لوک عدالت کا اہتمام ہوگا۔جس دوران پری لٹیگیشن اورالتوأ میں پڑے معاملات کے علاوہ بنک رکوری،ایم اے سی ٹی،لیبر تنازعات،گھریلو تنازعات،میونسپلٹی ،بجلی اورپانی کے بِل،قابل مصالحت جرائم اوردیگر معاملات باہمی افہام وتفہیم سے نمٹائے جائیں گے۔خواہشمند افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے معاملات نمٹانے کے لئے متعلقہ ضلع کورٹ کمپلیکس کے دفتر سے رجوع کریں۔
 
 

بالہ تل میں دوکانداروں سے جرمانہ وصول

غلام نبی رینہ

سونہ مرگ//ڈپٹی کمشنر گاندربل کی ہدایت پر نائب تحصیلدار گنڈ محمد مقبول کی قیادت میں پولیس اور فوڈ سیفٹی افسر کنگن فیاض احمد نے بال تل میں چکنگ کے دوران یاتریوں کو دی جانے والی کھانے پینے کی چیزوں کا جائزہ لیا ۔چکنگ ٹیم نے دوکانداروں سے موقعہ پرہی 2700جرمانہ وصول کیا۔
 
 

چاڈورہ میں ترقیاتی کام میں سرعت لائیں

محبوبہ مفتی کا انتظامیہ پر زور

سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر اور سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ چاڈورہ حلقہ انتخاب میں ترقیاتی پروجیکٹوں کے کام میںسرعت لائیں۔محبوبہ مفتی چاڈورہ سے آئے ہوئے ایک وفد سے ملاقات کررہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ اُن کی حکومت نے چاڈورہ کو ترقی دینے کیلئے کوشش کی تھی۔دریں اثناء پی ڈی پی صدر نے پارٹی لیڈر محمد یاسین بٹ کو کانسچونسی انچارج نامزد کیا ہے۔
 
 
 
 
 

مرکزی بجٹ کسان کُش  تاریگامی 

سرینگر //سی پی آئی ایم کے سینئر رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کہاہے کہ مرکزی سرکار کی طرف سے پیش کئے گئے بجٹ میں کسانوں کیلئے کچھ بھی نہیں ہے اورنہ ہی یہ ان کے مسائل کا حل ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اس کے برعکس حکومت نے ڈیزل پر دو فیصد محصول عائد کرکے کسانوں کی پیداوارپر بوجھ ڈال دیاہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سے زرعی قیمتوں میں اضافہ ہوگا ۔تاریگامی نے کہاکہ محکمہ زراعت میں سب سے بڑا بحران قیمتوں میں اضافہ ہے اور بیجوں ، کھاد ، ڈیزل اور بجلی کی قیمتیں بھی بڑھی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بجٹ میں دیہی علاقوں میں روزگار کی فراہمی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور مہاتماگاندھی نریگا کے تحت پچھلے برسوں کے مقابلے امسال 1000کروڑ روپے کی کٹوتی کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کے ساتھ اس سے قبل کئی وعدے ہوئے مگر بجٹ میں ان کا ذکر نہیں ہے۔ تاریگامی نے کہاکہ کسانوں کی آمدن میں اضافہ کیلئے حکومت نے کوئی پہل نہیں کی اور اکنامک سروے میں بھی اس شعبے کی کم پیداوار کا ذکر کیاگیاہے ۔ تاریگامی نے کہاکہ اس شعبے پر توجہ نہ دیئے جانے کا نتیجہ ہے کہ 2018-19میں غذائی اجناس 283.4ملین ٹن رہی جو 2017-18میں 285ملین ٹن تھی ۔ انہوںنے کہاکہ بھاجپا نے 2014کے اپنے انتخابی منشور میں زرعی شعبے کو پورے ملک میں سب سے بڑا روزگار فراہم کرنے والا شعبہ قرار دیتے ہوئے ترجیحات بنیادوں پرا س کو ترقی دینے کا وعدہ کیاتھااور کسانوں کی آمدن و دیہی علاقوں میں روزگار کے اضافے کا وعدہ کیاگیاتاہم صورتحال سب کے سامنے ہے ۔
 
 
 

شہناز گنائی نیشنل کانفرنس سے مستعفی 

منڈی//عشرت حسین بٹ //سابقہ ممبر قانون ساز کونسل ڈاکٹرشہناز گنائی نے نیشنل کانفرنس کو خیر باد کہہ دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سابق ایم ایل سی نے سنیچر کے روزپارٹی کی تمام تر سیاسی سرگرمیوں سے خود کو الگ کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ وہ پارٹی سے بالکل علیحدہ ہو رہی ہیں۔غور طلب ہے کہ موصوفہ مرحوم خواجہ غلام احمد گنائی سابق وزیرکی بیٹی ہیں جنہیں مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیاجاتاتھا۔ڈاکٹر گنائی ریاستی قانون سازیہ کے ایوانِ بالا میں نیشنل کانفرنس کے منڈیٹ پر صوبہ جموں سے 6سال تک ایم ایل سی رہی ہیں۔موصوفہ نے میڈیکل شعبہ میں پوسٹ گریجویٹ ڈگری حاصل کی تاہم ڈاکٹری کے پیشے کو چھوڑکر انہوں نے سیاست میں قسمت آزمائی ۔شہناز گنائی کافی عرصہ سے پارٹی سرگرمیوں سے الگ رہیں اور یہ قیاس لگایاجارہاہے کہ وہ حلقہ انتخاب حویلی پونچھ سے اسمبلی کا چنائو لڑیں گی۔رابطہ کرنے پر ڈاکٹر شہناز نے تصدیق کی کہ انہوں نے نیشنل کانفرنس کو چھوڑ دیاہے ۔انہوں نے کہاکہ فی الوقت وہ اپنی سیاسی سرگرمی یا سیاسی وابستگی کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتی اور آنے والے وقت میں اس کا فیصلہ لیاجائے گا۔
 
 
 

کٹھوعہ میں شیاما پرساد مکھرجی کے پہلے مجسمہ کی نقاب کشائی 

جموں //بی جے پی کے نظریاتی رہنما شیاما پرساد مکھرجی کا ریاست میں پہلا مجسمہ تعمیر کیاگیاہے ۔17.5میٹر اونچے اس مجسمہ کی تعمیر کٹھوعہ میں ہوئی ہے جس کی نقب کشائی مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ان کے 118ویں یوم پیدائش کے موقعہ پرکی ۔اس موقعہ پر پارٹی کے قومی نائب صدر اویناش رائے کھنہ ، قومی سیکریٹری و سابق ممبرپارلیمنٹ مہیش گیری ، ریاستی صدر رویندر رینہ ، اسمبلی اسپیکر نرمل سنگھ ،سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا اور جنرل سیکریٹری اشوک کول سمیت کئی سینئر لیڈران موجود تھے ۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر جتیندرسنگھ نے کہاکہ اگرچہ شیامہ پرساد مکھرجی کی جائے پیدائش جموں وکشمیر نہیں لیکن انہوں نے وطن کیلئے قربانی دے کریہ واضح پیغام دیاکہ مرکز اور ریاست کے درمیان رشتوںمیں کوئی رکاوٹ نہیںہونی چاہئے ۔مکھرجی دفعہ 370کے شدید مخالف تھے اور ان کی موت 1953میں پراسرار طور پران کی حراست کے بعد ہوئی ۔اس موقعہ پر اویناش رائے کھنہ نے کہاکہ اس مجسمہ کی تعمیر حقیقی معنوں میں مکھرجی کی قربانی پر انہیں خراج عقیدت ہے ۔انہوں نے کہاکہ مکھرجی نے ایک ودھان،ایک نشان ،ایک پردھان کے نعرے کے ساتھ پورے ملک کو متحد کیا اوران کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔پارٹی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے کہاکہ اس مجسمہ کی نقب کشائی نہ صرف عظیم رہنما کیلئے خراج عقیدت ہے بلکہ ان کے نامکمل ایجنڈے کو آگے لیجانے کا اعادہ بھی ۔