تازہ ترین

تیونس: مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے درجنوں افراد لاپتہ

6 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
نیویارک// اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ لیبیا سے غیر قانونی طور یورپ جانے والے مہاجرین کی کشتی تیونس میں حادثے کا شکار ہوگئی جس کے باعث کئی افراد لاپتہ ہیں۔ ایجنسی نے بتایا کہ کشتی میں 86 افراد سوار تھے جن میں 82 تاحال لاپتہ ہیں۔ آئی او ایم کے مطابق کشتی گزشتہ شب جرجیس کے قریب حادثے کا شکار ہوئی، مچھیروں نے ڈوبتی ہوئی کشتی سے 4 افراد کو بچا لیا تھا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ہلال احمر کے عہدیدار مونگی سلم نے بتایا کہ حادثے میں بچ جانے والے 4 افراد نے تیونس کوسٹ گارڈ کو بتایا کہ کشتی جرجیس کے علاقے میں ڈوبی تھی۔ مونگی سلم نے کہا کہ ان 4 افراد میں سے ایک بعد ازاں ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ افریقی مہاجرین پر مشتمل ایک گروہ کو جرجیس سے 9 میل کے فاصلے پر بچایا گیا تھا، انہوں نے کوسٹ گارڈ کو بتایا کہ وہ لیبیا کے ساحلی زوارہ سے سوار ہوئے تھے جن میں سے درجنوں افراد ڈوب گئے تھے۔ مئی میں تیونس کے سمندر میں کشتی کو حادثے کے نتیجے میں 70 افراد جاں بحق اور متعدد لاپتہ ہوگئے تھے۔ گزشتہ برس تیونس کی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے 50 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔