تازہ ترین

مزید خبرں

5 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

فوج نے خواتین کیلئے بیداری پروگرام کا اہتمام کیا 

راجوری//فوج کی جانب سے سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ میں خواتین کی باختیاری کیلئے شروع کی گئی اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کیلئے بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس سلسلہ میں فوج کی طرف سے گور نمنٹ مڈل سکول جلاس ،منیال ،پیر بابا اور یوتھ سنٹر پلمہ میں پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ۔ان پروگراموں کو منعقد کرنے کا اصل مقصد سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ کے دیہی علا قوں میں رہائش پذیر خواتین کو مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا تھا تاکہ وہ ان کی فلاح و بہبود ممکن ہوسکے ۔ان پروگراموں کے دوران اسکیموں کی جانکاری فراہم کرتے ہوئے فوجی ماہرین نے خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ مرکزی حکومت کی اسکیموں سے زیادی سے زیادہ فائد حاصل کریں جبکہ دیہی علا قوں کی دیگر خواتین کو بھی اس سلسلہ میں بیدار کیا جائے ۔
 
 

 کیول پنچایت میں وارڈ مجلس کا اہتمام کیا گیا 

راجوری//بدھل کی کیول پنچایت میں وارڈ مجلس کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ان مجالس کے دوران عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے منصوبہ بندی ،فنڈزکی وگزاری ودیگر مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔اسی دوران سرپنچ کیول فاروق انقلابی نے پنچایت کے متعدد علا قوں کا دورہ کر کے عوام کو درپیش مسائل کا جائز ہ لیا۔اس موقعہ پر پسماندہ لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ علاقہ کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔موصوف نے کہاکہ اس وقت دیہی علا قوں میں عوام کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنے پر مجبور ہو چکی ہے ۔اس دوران مقامی لوگوں نے علا قہ میں پینے کے صاف پانی کی قلت ،بجلی کی نا مناسب سہولیات کے علاوہ دیگر معاملات کے بارے میں شکایت درج کروائی ۔
 

 اعلیٰ پیر میں منشیات مخالف ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا 

حسین محتشم
 
پونچھ//غیر سرکاری تنظیم ہیری ٹیج سوسائٹی پونچھ کی جانب سے اعلیٰ پیر میں ایک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت تنظیم کے چیرمین ایڈوکیٹ بانو پرتاب نے کی۔اس موقع پر منشیات کے برے اثرات سے طلبہ و طالبات کو روشناس کیاگیا۔سرسید ایجوکیشن مشن پونچھ کے چیرمین سرفراز میر، نہرو میموریل اکیڈمی کے چیرمین سنجیو شرما اور سماج سیوا سوسائٹی کے چیرمین یوگل کشور نے خطاب کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا کہ پچھلے کچھ سالوں سے ضلع پونچھ میں منشیات کی وباء عروج پر ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پولیس کی جانب سے منشیات مخالف مہم چلا کر منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے لیکن ضروری ہے کہ عوام بھی منشیات کے خلاف کھڑے ہوجائیں۔ اپنے صدارتی خطاب میں بانو پرتاب نے اس ورکشاپ میں موجود تمام طلباء سے اپیل کی گئی کہ منشیات سے سماج کو پاک کرنے کیلئے وہ اپنا رول ادا کریں۔
 

ڈی سی راجوری نے بڈھا امر ناتھ یاترا کے انتظامات کا جائزہ لیا 

سمت بھارگو 
 
راجوری //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمو داعجاز اسد نے آفیسران کی ایک میٹنگ کے دوران بڈھا امر ناتھ یاترا کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔اس اجلاس میں سنتان دھرم سبھا راجوری کے اراکین کے علا وہ وی ایچ پی ،بجرنگ دل اور باباامر ناتھ یاترا سوگت سمتی کے اراکین نے شرکت کر کے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسندر بنی ،پولیس آفیسران ،اسسٹنٹ کمشنر محکمہ مال ،چیف ایگریکلچرل آفیسر ،تحصیلدار اور اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر راجوری کے علاوہ مختلف محکموں کے ایگز یکٹو انجینئروں نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر اراکین نے پینے کے صاف پانی ،صفائی ستھرائی ،سیکورٹی ،سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا ،میڈیکل کیمپوں کے اہتمام کیساتھ ساتھ دیگر معاملات پر بھی تبادلے خیال کیا گیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کئے گئے انتظامات کے سلسلہ میں جانکاری حاصل کر تے ہوئے ہدایت جاری کیں کہ یاترا کے سلسلہ میں پینے کے صاف پانی ،صفائی ستھرائی ،عارضی شیڈ تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات کے سلسلہ میں ہدایت جاری کیں ۔انہوں نے پولیس انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ سیکورٹی کے سلسلہ میں سخت اور معیاری انتظامات کئے جائیں ۔انہوں نے محکمہ زراعت کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ و ہ اس دوران سٹالوں کا اہتمام کرئے۔
 

نوشہرہ کے متعدد دیہات میں بنیادی سہولیات کا فقدان

رمیش کیسر 
 
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے متعدد دیہاتوں میں بنیادی سہولیات کی قلت کی وجہ سے عوام کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت ان کو پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی اور بجلی کی نایابی کی وجہ سے کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پانی کی عدم دستیابی نے کئی علا قوں میں سنگین صورتحال اختیار کرلی ہے لیکن مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہیں ۔عوامی مسائل کے سلسلہ میں بولتے ہوئے کانگریس لیڈر اور بیوپار منڈل نوشہرہ کے صدر نے کہاکہ گزشتہ کئی دنوں سے نوشہرہ کے بیشتر دیہاتوں میں پانی اور بجلی کی نایابی کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کئی دیہا توں میں 12سے 20گھنٹوں تک بجلی بند کر دی جاتی ہے لیکن متعلقہ محکمہ کی جانب سے عوامی مسائل کو حل کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو درپیش مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے۔
 

سٹیٹ بینک آف انڈیا کی مینڈھر شاخ 

صارفین کئی گھنٹوں تک قطارو ں میں کھڑے ہونے پر مجبور 

جاوید اقبال   
 
مینڈھر// سٹیٹ بینک آف انڈیاکی مینڈھر شاخ میں نا مناسب انتظامیہ کی وجہ سے صارفین کوکئی گھنٹوں تک قطاروں میں کھڑا رہنا پڑرہا ہے ۔صارفین نے بینک انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین اپنی من مرضی سے کام کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کو کئی گھنٹوں تک قطاروں میں انتظار کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ معمولی سے کام کیلئے بھی ان کو کئی گھنٹوں تک انتظار کر نا پڑتا ہے ۔محمد جمیل نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ بزرگ اور خواتین کی بھی متعلقہ ملازمین یکسر نظرانداز کر رہے ہیں ۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سٹیٹ بینک آف انڈیاکی مینڈھر شاخ میں صارفین کو بہتر خدمات پیش کرنے کیلئے ملازمین کو ہدایت جاری کی جائیں ۔مقامی لوگوں نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں سٹیٹ بینک آف انڈیا کی شاخ ملازمین کی لاپرواہی کا سنجیدہ نوٹس لیا جائے تاکہ صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔