تازہ ترین

نائیجیریا :پیٹرول ٹینکر میں دھماکہ،45افراد ہلاک،101زخمی

4 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

یو این آئی
لاگوس//افریقی ملک نائیجیریا کے وسطی علاقے میں تیل سے بھرا ہوا ٹینکر حادثے کا شکار ہوا جہاں شہریوں کی بڑی تعداد گرے ہوئے تیل کو بوتلوں میں بھرنے کے لیے جمع ہوگئی اور اسی دوران دھماکے سے کم از کم 45 افراد جھلس کر ہلاک اور 101 سے زائد شدید زخمی ہوگئے ۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق تیل سے بھرا ہوا ٹینکر ریاست بینیو کے گاؤں آہمبے سے گزر رہا تھا کہ ایک دکان کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔حادثے کے بعد مقامی افراد جائے وقوع پر جمع ہوگئے اور زمین پر گرے ہوئے تیل کو جمع کررہے تھے کہ اس دوران آگ لگی اور دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔صوبہ بینو کی وفاقی روڈ سیفٹی کمیشن کے سیکٹر کمانڈر عالیو بابا کا کہنا تھا کہ‘‘ہمیں 45 افراد کی لاشیں ملی ہیں اور 101 سے زائد افراد شدید زخمی ہیں جو جھلس گئے ہیں’’۔ان کا کہنا تھا کہ‘‘زخمیوں کی حالت اور صورت حال کو دیکھتے ہوئے ان میں سے کئی افراد کے بچنے کی امید بہت کم ہے ’’۔سیکٹر کمانڈر کا کہنا تھا کہ جائے وقوع پر آگ اس وقت لگی جب ایک مسافر بس وہاں سے گزری اور ٹینکر سے جاٹکرائی۔روڈ سیفٹی کمیشن کے سیکٹر کمانڈر نے مزید کہا کہ ہلاک شدگان میں سے 16 بس کے مسافر ہیں جن میں دو بچے اور حاملہ خاتون بھی شامل ہیں’’۔پولیس اور ایمرجنسی سروس نے جائے وقوع پر پہنچ کر امدادی کام شروع کردیا جہاں قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ۔اے ایف پی کو مقامی شہری آدے درفر کا کہنا تھا کہ‘‘میرا ایک بھائی ہلاک اور دو زخمی حالت میں اسپتال میں داخل ہیں جو آگ کی لپیٹ میں آگئے ھے ’’۔حادثے کے زخمیوں کو ریاستی کے مرکزی شہر میکردی کے بشپ مورے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے ۔ایک زخمی خاتون کا کہنا تھا کہ ‘‘میں وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہوئی لیکن دیگر کئی افراد ہلاک ہوگئے اور میں یہ بتانے سے قاصر ہوں کہ یہاں اسپتال تک کیسے پہنچ پائیں’’۔قبل ازیں مقامی انتظامیہ نے کہا تھا کہ حادثے میں 64 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں تاہم پولیس نے ان اعداد وشمار کی تصدیق نہیں کی۔خیال رہے کہ نائیجیریا میں آئل ٹینکر اور پائپ لائن کے دھماکے معمول کا حصہ ہیں جہاں ملک تیل اور گیس کی دولت سے مالامال ہونے کے باوجود شہریوں کی اکثریت انتہائی غربت کا شکار ہے ۔رواں برس جنوری میں جنوب مشرقی ریاست میں اسی طرح کے ایک حادثے میں کم از کم 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔نائیجیریا میں جولائی 2012 میں خوف ناک حادثہ پیش آیا تھا اور یہ حادثہ جنوبی ریاست ریورز میں پیش آیا تھا جس میں 100 سے زائد افراد جان گنوا بیٹھے تھے اور 50 افراد زخمی ہوئے تھے ۔یو این آئی