تازہ ترین

پیس اینڈ ویلفیئرکمیٹی گول کی ماہانہ میٹنگ

سڑکوں کی ناقص تعمیراور سکولوں میں اساتذہ کی قلت پرتشویش کا اظہار

3 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

زاہد بشیر
گول//گول کی سماجی تنظیم پیس اینڈ ویلفیئر کمیٹی کی جانب سے ماہانہ میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں تمام زعمائوں نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر دوسرے مسائل کے ساتھ ساتھ گول میں تعمیرات عامہ اور پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے سڑکوں کی ناقص تعمیر پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور اس جانب انتظامیہ کو مداخلت کی اپیل کی ۔ فورم ارکان نے بڑا کنڈ میں پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے سڑک پر تار کول بچھائے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح ماضی میں بھی محکمہ نے لا پرواہی کی اور لاکھوں کے خزانہ عامرہ کو چونا لگایا اور چند ماہ کے اندر اندر ہی تمام سڑکوں کا تار کول اکھڑ گیا تھا، آج پھر محکمہ وہی کر رہا ہے جو لوگ کسی بھی صورت میں کرنے نہیں دیں گے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر سکولوں میں اساتذہ کی شدید قلت پر کہا کہ بچوں کی پڑھائی متاثر ہو رہی ہے اور سکولوں میں جو کنٹریکچول لگائے گئے تھے ،سرکار انہیں برخواست کر رہی ہے ۔میٹنگ میں گول بالخصوص موئلہ علاقہ میں پانی کی شدید قلت پر کہا کہ پچاس سال قبل یہاں پر پائپیں بچھائی گئیں اور اب وہ زنگ آلودہ ہو چکی ہیں اور کئی جگہوں پر ٹوٹی پھوٹی پائپیں لگی ہوئی ہیں، اگر چہ کئی مرتبہ محکمہ صحت عامہ سے مطالبہ بھی کیا اور گول انتظامیہ اور محکمہ نے یقین دلایا تھا کہ پانی کے ساتھ منسلک تمام مسائل کو حل کیاجائے گا لیکن کوئی نتیجہ بر آمد نہیں ہو رہا ۔ انہوں نے اس موقعہ پر گول میں پولیس کی جانب سے غیر قانونی چلنے والی گاڑیوں ، غلط پارکنگ و نشہ مخالف کاروائیوں کو سراہا اور کہا کہ پولیس نے جو قدم اٹھایا ہے وہ قابل سراہنا ہے البتہ یہ صرف مشق نہیں ہونی چاہئے بلکہ اس طرح کی کاروائیوں کو جاری رکھنا چاہئے ۔