تازہ ترین

خورشید گنائی اور سکندن نے سٹی ٹریفک نظام کا جائیزہ لیا

30 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی اور کے سکندن نے کل یہاں ایک سیمنار میں شرکت کے دوران سرینگر کے ٹریفک نظام کا جائیزہ لیا۔سیمنار کا اہتمام سٹیٹ سینٹر آف انسٹی چیوشن آف انجنیئرز( آئی ای آئی) انڈیا نے کیا تھا۔خورشید گنائی نے اس موقعہ پر کہا کہ شہر میں ٹریفک کا دباؤ روز بروز بڑھنے کے ساتھ ساتھ ایک مناسب ٹرانسپورٹ پالیسی تشکیل دینے کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پالیسی میں سڑکوں پر پرائیویٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کو اجازت دینے کے بارے میں ایک باقاعدہ طریقہ کار وضع کرنا ہوگا۔اس کے علاوہ پالیسی میں ریاست کے مختلف علاقوں میں استعمال کی جارہی گاڑیوں کی اقسام کے بارے میں بھی تفصیلات درج ہونی چاہئیں۔خورشید گنائی نے کہا کہ انسانی بستیاں اور ٹریفک ایک دوسرے کے ساتھ جُڑے ہوئے ہیںاس لئے نئی رہایشی کالونیوں کے منصوبے مرتب کرنے سے قبل اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ ماس ریپڈ ٹرانسپورٹ نظام کے لئے ایک طویل مدتی پالیسی کی تشکیل لازمی ہے۔مشیر کے سکندن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک سے متعلق معاملات کا حل نکالنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور مناسب منصوبہ بندی عمل میں لائی جانی چاہئے۔انہوں نے اس سلسلے میں جاپان کی مثال پیش کی جہاں ٹریفک کے نظام کے ساتھ موثر طریقے پر نپٹا جارہا ہے۔ تقریب کے دیگر مقررین میں چیئرمین آئی ای آئی انجنیئر عامر علی، ایس ایس پی ٹریفک طاہر گیلانی، صحافی اظہر قادری، ایڈوکیٹ عطیب کنٹ، انجنیئر محمد اشرف فاضلی، انجنیئر فردوس احمد بٹ، ڈاکٹر شبیر احمد صوفی، ڈاکٹر ایم ایس میر اور پیر مزمل شامل تھے۔