سنگلدان میں نوجوانوں کی ماہانہ میٹنگ

سیاسی بنیاد پر نوجوان نسل کے ساتھ استحصال کا الزام

26 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

زاہد بشیر
سنگلدان// ضلع رام بن کی سنگلدان نیابت میں ہر ماہ کی طرح آج بھی نوجوانوں کی جانب سے ایک میٹنگ کا انعقاد ہوا جہاں پر اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا کہ نوجوانوں کا ہر سطح پر استحصال ہورہا ہے جس وجہ سے آج کل کا نوجوان نشہ خوری اور بری عادات میں پھنستا چلا جا رہا ہے ۔ میٹنگ کی صدارت نوجوان سماجی لیڈر اور سرپنچ فمروٹ محمد امین بٹ کر رہے تھے ۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کونشہ سے دور رکھیں اورنوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اُن جگہوں اور اُن دوستوں کے ساتھ رابطہ نہ رکھیں جن سے وہ اس بری عادت میں پھنس رہے ہوں اور نشہ کی لعنت سے باہر نکلنے کی کوشش کریں۔انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ آج تک گول ارناس کے نوجوانوں کے ساتھ صرف وعدے کئے گئے اور اُن کے حقوق پر شب و خون مارا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سال سے یہاں کے نوجوانوں نے ہر ماہ25تاریخ کو ایک میٹنگ رکھی اور یہ میٹنگ کامیاب ہوتی جا رہی ہے ،میٹنگ کا مقصد نوجوانوں کو ذہنی پریشانی سے باہر نکالنا ، روز گار کے مواقع ڈھونڈنا اور اس میں مدد کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کا مقصد نوجوانوں کے ساتھ ہورہے استحصال کے خلاف جدوجہد کرناہے۔ اس موقعہ پر محمد امین بٹ نے کہا کہ ایم ایل اے اعجاز احمدخان نے غریب پڑھے لکھے نوجوانوں کے ساتھ استحصال کیا ہے اور نوجوانوں کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے وہ پورے نہیں ہوئے بلکہ چند مفاد پرست لوگوں کو ہی فائدہ دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج تک سی ڈی ایف کا غلط استعمال ہوا ہے ،اپنے ورکروں کو خوش کرنے کے لئے لوگوں کی گردنیں کاٹی گئیں اور احمد کی ٹوپی محمود کے سر رکھی گئی ۔ محمد امین بٹ نے کہا کہ اب نوجوان تنگ آ چکا ہے اور آنے والے اسمبلی انتخابات میں وہ گول ارناس اسمبلی حلقہ سے خود میدان میں اُتر رہے ہیں اور نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنے حقوق کی خاطر لڑنا چاہتے ہیں ،تو وہ اُن کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں اور نوجوانوں کے ساتھ کسی بھی استحصال قوت کا ڈٹ کر سامنا کریں گے اور ظلم و زیادتی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔