چناب خطہ میں بیک ٹو ولیج کا چھٹا دن

پنچائتی راج اداروں میں اختیارات کی منتقلی سے لوگوں کو دیہی علاقوں میں مزید ترقی کی امید

26 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

جموں//چناب ویلی میں بیک ٹو ولیج پروگرام کی بدولت علاقے کے لوگوں کو اُمید پیدا ہوئی ہے کہ پنچائتی راج اداروں کو اختیارات کی منتقلی سے دیہی علاقوں میں ترقیاتی عمل میں تیزی لائی جائے گی ۔ چھٹے دن خطے کی مختلف پنچائتوں میں کئی سرگرمیاں عمل میں لائی گئیں جن میں گرام سبھاؤں کا انعقاد حکومت و عوامی استفساری کے پروگرام ، کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح ، مزید کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کو ہاتھ میں لینے کیلئے سنگِ بنیاد ، التوا میں پڑے پروجیکٹوں و جاری پروجیکٹوں کا انسپکشن ، بیداری کیمپوں کا انعقاد ، شجر کاری مہم ، عوامی شکائت کے ازالے کے کیمپوں کا انعقاد شامل تھے ۔ 
ڈوڈہ میں حکومت کی طرف سے چلائے جا رہے بیک ٹو ولیج پروگرام کے چھٹے دن ضلع کی 59 پنچائتوں میں کئی قسموں کی سرگرمیاں دیکھنے کو ملی ۔ کمشنر سیکرٹری مال شاہد عنایت اللہ نے بھدرواہ کے چنوٹ پنچائت کے دورے کے دوران کئی پی آر آئیز کے ساتھ بات چیت کی اور بیک ٹو ولیج پروگرام کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے پنچائت میں کئی فلیگ شپ پروگراموں کی عمل آوری کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ اس کے علاوہ اس سلسلے میں انہوں نے عوامی فیڈ بیک بھی حاصل کیا ۔ انہوں نے پنچائتی راج اداروں کے نمائیندوں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کی توقعات پر کھرا اتریں اور اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے پر نبھاتے ہوئے دیہی علاقوں کی ترقی یقینی بنائیں ۔ نامزد افسروں نے گرام سبھاؤں کا انعقاد کیا اور سرکاری اداروں کا دورہ کیا ۔ انہوں نے مرکزی و ریاستی معاونت والی سکیموں کا جائیزہ لینے کے علاوہ سماجی آڈٹ ٹیموں کو تشکیل دیا ۔ افسروں نے ترقیاتی و فلاحی پروگراموںکی عمل آوری کے بارے میں لوگوں سے فیڈ بیک حاصل کیا اور دیہی علاقوں میں ترقیاتی ضروریات کے بارے میں اُن سے تجاویز حاصل کیں ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر ساگر ڈی ڈائفوڈ نے کھلینی بلاک کے ہمبل پنچائت کا دورہ کیا اور نئے تعمیر شدہ کمیونٹی ہال کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے اس موقعہ پر مرمت بلاک کے گوا پنچائت میں ایک فُٹ برج کا بھی افتتاح کیا ۔ دریں اثنا اے ڈی ٖڈی سی ڈوڈہ اور اے ڈی سی نے بھدرواہ اور ٹھاٹھری بلاکوں کی ڈالی ادھیان پور ، بھاگوا ، گنڈنہ پنچائتوں کا دورہ کیا اور پروگرام کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ کئی افسروں نے علاقے کی پنچائتوں کے دورے کے دوران پی آر آئیز اور عام لوگوں کے ساتھ بات چیت کے دوران اُن کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے لوگوں کو حکومت کی طرف سے چلائی جا رہی سکیموں کے بارے میں جانکاری دی ۔ ڈائریکٹر سوشل ویلفئر ڈاکٹر بھارت بھوشن نے بھدرواہ بلاک کی نلتھی پنچائت کے دورے کے دوران منتخب شدہ مستحقین میں ویل چئیر اور آلات سماعات تقسیم کئے ۔ ممبر ایس ایس بی ڈاکٹر نروپا رائے نے بھدرواہ کا دورہ کیا جبکہ ایڈیشنل سی ای او  ای آر اے  جہانگیر ہاشمی نے  گھاٹ گاؤں کا دورہ کیا ۔ ڈپٹی سیکرٹری صحت و طبی تعلیم روہت شرما نے بھاگوا بلاکی مالواس پنچائت ، ڈپٹی ڈائریکٹر رورل سینی ٹیشن نارائین دت نے دیسا بھاگوا کا دورہ کیا ۔ 
ریاسی میں مکانات و شہری ترقی کے پرنسپل سیکرٹری دھیرج گپتا  نے پنتھال بلاک کے سراکوٹلا پنچایت کے مستحقین میں پنشن پے منٹ آڈر تقسیم کئے ۔دریں اثنا ایڈیشنل کمشنر سٹیٹ ٹیکس پردمن کرشن بھٹ نے بلاک کٹرا میں کوٹلی بجالیاں میں مستحقین میں پنشن پے منٹ آڈر تقسیم کئے ۔ اسی طرح اے ڈی پلاننگ ایس آر ایل ایم ( امید ) جموں ہریش چندر نے کٹرا بلاک کے اکھلی بدتن کے مستحقین میں پنشن آڈر تقسیم کئے۔چیئرمین پی سی بی جموں روی کمار کیسر ، ڈپٹی سیکرٹری محکمہ بجلی کلدیپ کمار سپولیا، انڈر سیکرٹری ٹیکنیکل ایجوکیشن کرن رینہ ، پرائیویٹ سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ وِجے کمار کول ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مبارک منڈی کمپلیکس دیپکا کماری شرما ، ڈپٹی ڈائریکٹر ہینڈ لوم روی موہن کھجوریہ آج کے پروگرام میں نامز د افسران تھے۔ رام بن میں بیک ٹو ولیج کے تیسرے مرحلے کے دوران ڈپٹی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ نے ضلع کے رام سو اور اکھڑہال بلاکوں کی کئی پنچائتوں کا دورہ کیا اور پروگرام کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر مال رام بن ظفر احمد بانڈے ، ایس ڈی ایم رام سو دل میر چودھری اور دیگر محکموں کے افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ سینا بتھی ، اکھڑہال ، پرستان ، مگر کوٹ ، رام سو ، نیل بھٹو ، کوٹ ، جنگلو ، گوہر دار ، گگوانی ، کنہال اور دیگر پنچایت حلقوں میں عوامی رابطہ مہم کے دوران لوگوں نے اپنے مسائل اور مطالبات ڈپٹی کمشنر کی نوٹس میں لائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کئی معاملات موقعہ پر ہی حل کئے اور دیگر مسائل کے حل کیلئے متعلقہ افسروں کو ضروری ہدایات دیں ۔ انہوں نے تحصیلداروں کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے پٹواریوں کی اپنے حلقوں میں حاضری کو یقینی بنائیں تا کہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ میڈیا نمائیندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بیک ٹو ولیج پروگرام کے پہلے مرحلے میں 106 پروگرام منعقد کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کا حتمی مرحلہ ضلع کی 36 پنچائتوں میں عملایا جا رہا ہے جس کیلئے تیاریاں مکمل کی گئی ہیں ۔ 
کشتواڑ میں آج بھی بیک ٹو ولیج پروگرام 136 حلقوں میں جاری رہا ۔ جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا ۔ اس موقعہ پر کئی سرگرمیاں انجام دی گئیں ۔ ڈپٹی کمشنر انگر یز سنگھ رانا نے ضلع کی کئی پنچائتوں کا دورہ کر کے پنچائتی اداروں کے نمائیندوں ، مقامی لوگوں اور نامزد افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ لوگوں نے اپنے مطالبات اور مسائل اُن کی نوٹس میں لاتے ہوئے اُن کو حل کرنے کی مانگ کی ۔ ایس ڈی ایم پاڈر کو اراضی سے جُڑے معاملات حل کرنے کی ہدایت دی گئی تا کہ مختلف پروجیکٹوں کی شروعات کو یقینی بنایا جا سکے ۔ کنڈل پنچائت حلقے میں ڈپٹی کمشنر نے سیلف ہیلپ گروپ تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے ضلع میں سیاحتی سرگرمیوں اور ڈھانچے کو فروغ دینے کی تلقین کی ۔ انہوں نے اٹھولی میں ایس ڈی ایچ پر جاری تعمیراتی کام کا جائیزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد فیڈ بیک حاصل کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے دیہی آبادی کے مسائل حل کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ اے ڈی ڈی سی کشتواڑ محمد حنیف ملک نے سوہل اور تیاری پنچائت حلقوں کا دورہ کر کے پنچائت راج اداروں اور مقامی لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ 
 
      

بیک ٹو ولیج پروگرام 

ایک ڈیلی ویجر نے کھیل کود میدان کیلئے 10 کنال اراضی دی 

زاہد ملک
مہور//سب ڈویژن مہور کے مولاس گاؤں کے ایک شخص جو کہ محکمہ بجلی میں ڈیلی ویجر ہے ،نے بیک ٹو ولیج پروگرام کے دوران اپنی دس کنال اراضی کھیل کود میدان کیلئے عطیہ دے دی ۔عبدالرشید ولد عبدالغنی نے یہ اعلان بیک ٹو ولیج کے ویزیٹنگ آفیسر اشرف شاہ اور دیگر افسران کی موجودگی میں کیا ۔اس موقعہ پر تمام مقامی شہری بھی موجود تھے۔اس دوران مقامی لوگوں اور بیک ٹو ولیج پروگرام میں عملہ نے عبدالرشید کے اس بہتر کام کی سراہنا کی۔وزیٹنگ افسرنے عبدا لرشید کے اس کام کو رپورٹ ڈائری میں نوٹ کیا اور کہاکہ وہ اس کی مثال گورنر انتظامیہ کے سامنے پیش کریں گے ۔اس دوران عبدالرشید نے بتایا کہ انتظامیہ کو چاہیے وہ اس زمین پر میدان بنانے کا کام شروع کرے، اگر زمین کم پڑے گی تووہ اور بھی زمین کا عطیہ کر سکتا ہے۔واضح رہے کہ یہ زمین گاؤں مولاس کے وارڈ نمبر 5میں واقع ہے۔لوگوں نے بتایا کہ عبدالرشید خود ایک ڈیلی ویجر ملازم ہے لیکن اس نے ایک بڑا اقدام کیاہے۔

تازہ ترین