تازہ ترین

خطہ چناب وادی میں بیک ٹو ولیج کا پانچواں دن

سرکاری محکموں اور پنچائتی راج اداروں کے درمیان رابطہ مزید مستحکم بنایاگیا

25 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

جموں//بیک ٹو ولیج پروگرام کے پانچویں دن چناب وادی میں آج کافی گہما گہمی دیکھی گئی اور کئی پنچائتی حلقوں میں عوامی رابطہ کے پروگرام منعقد کئے گئے ۔ 
کشتواڑ میں آج پانچویں دن بیک ٹو ولیج پروگرام ضلع کے 40 پنچائت حلقوں میں عملایا گیا جس دوران کئی سکیموں کی عمل آوری اور لوگوں کو درپیش مسائل کا جائیزہ لیا گیا ۔ ان پروگراموں میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کر کے عوامی اہمیت کے حامل معاملات افسروں کی نوٹس میں لائے اور ترقیاتی سرگرمیوں سے متعلق اپنی آراء اور تجاویز دیں ۔ پنچائتی راج اداروں کے نمائیندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران نامزد افسروں نے انہیں گاؤں ، دیہات میں جدید ٹیکنالوجی اپنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے لوگوں کو مرکزی اور ریاستی سرکاروں کی جانب سے عملائی جا رہی فلاحی اور بہبودی سکیموں کے بارے میں جانکاری دینے پر زور دیا تا کہ دیہات کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ نامزد افسروں نے آج مقررہ پنچائتوں میں لوگوں کے مطالبات درج کئے اور انہیں ترقیاتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی ۔ 
رام بن میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے تحت منعقدہ نشستوں میں پنچائتی راج اداروں کے نمائیندوں اور عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر شوکت اعجاز بٹ نے آج اکھڑہال اور رامسو بلاکوں کے کئی پنچائت حلقوں کا دورہ کر کے پروگرام کے تیسرے مرحلے کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ ضلع میں اس مرحلے کے تحت 32 پنچائتوں میں مختلف پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں ۔ اے سی ڈی رام بن ظفر احمد بانڈے اور دیگر اعلیٰ افسران ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کو پی ایم کسان ، پی ایم اے وائی ، پی ایم شرم دھن ، آیوشمان بھارت اور سوبھاگیہ سکیموں کے علاوہ دیگر کئی پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی ۔ 
ڈوڈہ میں پروگرام کے پانچویں روز آج عوامی رابطہ پروگراموں میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے جوش خروش کے ساتھ حصہ لیا جبکہ نامزد افسروں نے لوگوں کو درپیش مشکلات اور مختلف فلیگ شپ سکیموں کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ضلع میں بیک ٹو ولیج کے تیسرے مرحلے کے تحت 59 پنچائت حلقوں میں مختلف نوعیت کے پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں ۔ نامزد افسروں نے پنچائتی راج اداروں کے نمائیندوں ، گرام سبھا ممبران ، معزز شہریوں اور مقامی لوگوں کے ساتھ کئی نشستیں منعقد کر کے ضلع میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں اُن سے فیڈ بیک حاصل کیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر ساگر ڈی ڈائیفارڈ نے کئی پنچائتوں کا دورہ کر کے عوامی نمائندوں اور مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کی ۔ انہوں نے ہائیر سکینڈری سکول گریکا اور گریکا ہسپتال کا افتتاح کرنے کے علاوہ لور بجرانی بی پنچائت حلقے میں کھیل کے میدان کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ پروگرام کے پانچویں روز آج مختلف سرگرمیوں کے دوران سوئیل ہیلتھ کارڈ ، جاب کارڈ تقسیم کئے گئے جبکہ مہلا گرام سبھاؤں کے انعقاد کے علاوہ منتخب پنچوں اور سرپنچوں کے ساتھ بھی میٹنگیں ہوئیں ۔  
ریاسی میںآج گرام سبھاؤں اور مہلا گرام سبھاؤں کے انعقاد کے علاوہ جاب کارڈ ، پی آر سی اور دیگر اسناد تقسیم کی گئیں اس کے علاوہ افسروں نے کئی سرکاری تنصیبات کا معائینہ کیا ۔ آج بیک ٹو ولیج پروگرام کے تحت ضلع میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا گیا ۔ مکانات و شہری ترقی کے پرنسپل سیکرٹری دھیرج گپتا نے سرا کلٹا پنچائت حلقے میں ڈرنیج پروجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھنے کے علاوہ وارڈ 6 میں ایم جی نریگا کاموں کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے مقامی سکولوں ، طبی اداروں اور دیگر سرکاری تنصیبات کا دورہ کیا ۔ دھیرج گپتا نے اس موقعہ پر والی بال میچ اور تمدنی پروگرام کا بھی مشاہدہ کیا ۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر اندو کنول چب نے ریاسی بلاک کے گیالہ پنچائتی حلقے کا دورہ کر کے بیک ٹو ولیج پروگرام کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے پنچائت کے صحن میں پودا لگانے کے علاوہ انجی نالہ پر پُل کا معائینہ کیا ۔