’’ بیک ٹو وِلیج ‘‘ پروگرام کے چوتھے دن چناب خطہ میں مختلف سرگرمیاں جاری

ضلع ترقیاتی کمشنر وںنے زراعت و باغبانی کیلئے سائنسی طور طریقے اپنانے پر زور دیا

24 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

 جموں//عوامی رابطے کے پروگرام ’’ بیک ٹو وِلیج‘‘پروگرام کے تحت چناب ویلی اضلاع میں ریاستی حکومت کے نامزد افسران نے لوگوں کی دہلیز پر جاکر اُن کے مسائل و مطالبات بغور سنے ۔
رام بن میں ضلع کے 31پنچایتو ں میں بیک ٹو ولیج پروگرام منعقد کیا گیا۔ان پنچایتوں میں گول ، سنگالڈ ،گندھاری اور گنڈی دھرم بلاک شامل تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ نے پروگرام کی عمل آوری کے سلسلے میں کئی پنچایتوں کا دورہ کیا اور حکومت کی طرف سے چلائے جارہے پروگرام و سکیموں کی عمل آوری کا فیڈ بیک لوگوں سے حاصل کیا۔لوگوں نے اس موقعہ کئی ترقیاتی مسائل اُبھارے جن میں ڈرینوں کی تعمیر ، سڑکوں پر تار کول بچھانے ، بجلی و پینے کے پانی کی فراہمی ، ایم جی نریگا کے تحت مختلف کاموں کی عمل آوری ،کلوٹوں کی تعمیر و مرمت ، پاور سپلائی سکیموں کی مرمت ، عملے کی کمی اور طبی و تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کے مطالبات شامل تھے۔افسروں نے دیہات میں لوگوں کی اقتصادی صورتحال اور روزگار کے مواقعوں کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے لوگوں کو حکومت کی طرف سے چلائے جارہے مختلف سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی۔اس موقعہ پر وزیر اعظم کی طرف سے موصو ل شدہ خط کو گرام سبھائوں میں پڑھ کر سنایا گیا۔
ڈوڈہ میں پی آر آئیز ، گرام سبھا ممبران ، معزز شخصیات اور مقامی لوگوں کے ساتھ کئی میٹنگوں اور استفساری مجلسوں سے چوتھے دِن کا آغاز کیا گیا۔بیک ٹو ولیج پروگرام ضلع کے 59 پنچایتوں میں منعقد کیا گیااور ترقیاتی کاموں و دیگر مسائل کے بارے میں عوامی فیڈ بیک حاصل کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر ساگر ڈی دائیفورڈ نے گھاٹ اور ٹھاٹھری بلاکوں کی پنچایتوں کا دورہ کیا ۔جہاں انہوں نے دو نئے لنک روڈوں ، کھیل کے میدانوں کا افتتاح کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کئی گرام سبھائوں میں حصہ لیا اور لوگوں کی شکایات سنیں۔اس موقعہ پر وزیر اعظم کی طرف موصول شدہ خط کو گرام سبھائوں میں پڑھ کر سنایا گیا۔ڈائریکٹر ایگریکلچر جموں پون سنگھ راٹھور نے بلاک ٹھاٹھری کے بھیلا پنچایت گرام سبھا منعقد کی اور لوگوں کے مسائل ریکارڈ کئے ۔ انہوں نے سرکاری اداروں کا بھی معائینہ کیا۔اے ڈی ڈی سی امام الدین نے بھلیسا اور ادھیان پور بلاکوں میں کئی پنچایتوں کا دورہ کیا اور گرام سبھائوں میں لوگوں سے بات چیت کی۔
کشتواڑ میں ضلع کے 54پنچایتوں میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے چوتھے دِن کئی سرگرمیاں عمل میں لائی گئیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے درب شالہ بلاک کے بدھات اور بگرانہ پنچایت کا دورہ کیا اور وہاں پی آر آئیز ، معزز شخصیات و مقامی لوگوں سے ملاقات کے دوران علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں فیڈ بیک طلب کیا۔بدھات پنچایت میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس جے اینڈ کے ڈاکٹر سلیم الرحمان سے ملاقات کی اور پروگرام کی عمل آوری کے بارے میں فیڈ بیک حاصل کیا۔اے سی ڈی کشتواڑ انیل کمار چنڈیل ، ڈی وائی ایس ایس او جعفر حیدر ، بی ڈی او درب شالہ کپل دیول کے علاوہ دیگر افسران اس موقعہ پرموجود تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مقامی لوگوں پر زور دیا کہ وہ زراعت ، باغبانی ، ڈیری اور پولٹری سیکٹر میں سائنسی طور طریقے اپنائیں۔

تازہ ترین