تازہ ترین

کپوارہ لال پورہ سڑک کی خستہ حالی | حقوق کمیشن کی انتظامیہ کو یکم جولائی تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

23 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

بلال فرقانی
سرینگر//بشری حقوق کے ریاستی کمیشن نے کپوارہ میں سڑک کی خستہ حالی پر انتظامیہ کو یکم جولائی تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے،جبکہ عرضی گزار نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ کئی ماہ سے اس سڑک پر حادثات کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک ہوگئے۔ کپوارہ قصبہ کو دیگر اضلاع کے علاقوں سے جوڑنے والی لال پورہ لولاب سڑک کی ناگفتہ بہہ حالت اور اس کی مرمت میں تاخیر پر انسانی حقوق کے ریاستی کمیشن نے کمشنر سیکریٹری تعمیرات عامہ اور متعلقہ ضلع کے ضلع ترقیاتی کمشنر سے رپورٹ طلب کی ہے۔ عرضی گزار کے مطابق یہ سڑک مسافروں کیلئے موت کی شاہراہ بن چکی ہے۔بشری حقوق کے ریاستی کمیشن نے محکمہ تعمیرات عامہ کے حکام اور ضلع ترقیاتی کمشنر سے مفصل رپورٹ پیش کرنے کیلئے کہا ہے کہ وہ اس سڑک کی مرمت میں کیوں ناکام ہوئے۔ انسانی حقوق کے ریاستی کمیشن نے انتظامیہ کو یکم جولائی تک رپورٹ پیش کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو کی طرف سے اس سلسلے میں ایک عرضی زیر نمبرSHRC/201/Kup/2019 بشری حقوق کے ریاستی کمیشن میں پیش کی گئی،جس میں کہا گیا کہ لال پورہ لولاب کو قصبہ سے جوڑنے والی رابطہ سڑک کی حالت خستہ ہے اور اس سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق حاصل ہے۔ عرضی میں کہا گیاہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے اس سڑک پر متواتر حادثات سے کئی زندگیوں خاتمہ ہوااور حکام کی طرف سے ہنوز اس سڑک کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔