تازہ ترین

امر ناتھ یاترا 2019 | پولیس اور فورسز کے درمیان تال میل بنائے رکھنے پر زور

23 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//امر ناتھ یاترا 2019کو احسن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے اور پولیس اور سیکورٹی فورسز کے درمیان بہتر تال میل کو بنائے رکھنے کی خاطر ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پسوال کی صدارت میں ایک میٹنگ کا اہتمام ہوا جس میں فوج ، سی آر پی ایف ، آئی ٹی بی پی ، ایس ایس بی ، آرمڈ پولیس اور ضلع پولیس گاندربل سے وابستہ افسران موجو د رہے۔ میٹنگ منعقد کرنے کا مدعا و مقصد یہ تھا کہ آنے والی یاترا کے دوران سیکورٹی فورسز کو زمینی صورتحال کے بارے میں باخبر کیا جاسکے اوراس موقع پر اُنہیں بتایا گیا کہ وہ امن و قانون کی صورتحال کے دوران عوام الناس کا تعاون کس طرح سے حاصل کرپائینگے جبکہ یاترا کے دوران یاتریوں کوکوئی مشکل پیش نہ آئے اس حوالے سے بھی اُنہیں آگاہی فراہم کی گئی۔ایس ایس پی گاندربل نے سیکورٹی فورسز سے وابستہ اہلکاروں کو تاکید کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران عام لوگوں کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کریں۔ میٹنگ میں شامل پولیس آفیسران اور جوانوں کو اُن کے رول کے بارے میں بھی روشناس کرایا گیا۔ میٹنگ کے دوران سی او 5آر آر شری مکندجی، سی او 118بٹالین سی آر پی ایف انیل دیانی اور سی او 115بٹالین سی آر پی ایف پنکج پیٹر نے امر ناتھ جی یاترا کے حوالے سے آفیسران کو اپنے تجربے کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔ میٹنگ میں سبھی بٹالین کے سی او ز ، اے ایس پی فیاض احمد ، ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر گاندربل ، ایس ڈی پی او کنگن اور ضلع کے دوسرے آفیسران بھی موجود رہے۔