تازہ ترین

حالیہ ژالہ باری اور بارشوں سے گیلاس کی فصل کو نقصان

ہارون ، فقیر گجری اور دارا علاقوں میں باغ مالکان پریشان

22 جون 2019 (31 : 12 AM)   
(   عکاسی: مبشرخان    )

سٹی رپورٹر
سرینگر// امسا ل غیر یقینی موسمی صورتحال اور حالیہ بارشوں کی وجہ سے جہاں وادی میںہر سو لوگ پریشان ہیںوہیں حالیہ ژالہ باری اور بارشوں سے شہر کے مضافات ہارون ،درا اور فقیر گجری علاقوں میں گیلاس کی فصل تباہ ہوئی ہے اور باغ مالکان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ہارون اور اسکے ملحقہ علاقوں میں گذشتہ چند دنوں سے لوگ اور خاص کر باغ مالکان کافی پریشان ہیں کیونکہ بارشوں اور ژالہ باری کی وجہ سے انہیں شدید نقصان سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ۔فقیر گجری کے حاجی غلام رسول پھمڈانے بتایا کہ اس سال گیلاس کی فصل کافی اچھی تھی تاہم بارشوں کے بعد شدید ژالہ باری نے بہت نقصان کیا ۔انہوں نے بتایا ’ہم گذشتہ 2دنوں سے گلاس کی ایک قسم ’ڈبل گیلاس اتار رہے ہیں ،کیونکہ اگر یہ زیادہ دیر تک نہ اتاری گئی تو مزید نقصان ہوگا‘‘۔انہوں نے بتایا ’گیلاس کی کچھ اقسام اتارنے میں ابھی کچھ وقت درکار تھا تاہم ژالہ باری کی وجہ سے یہ فصل تباہ ہوئی اور اب اسے بھی اتارنے کی کوشش ہوگی ‘‘۔انہوں نے کہا ’’ژالہ باری سے گیلاس تباہ ہوا ہے اور اب درختوں کو ہی بچانے کیلئے فصل اتارنا ہوگا ‘‘۔حاجی کے مطابق ’’مجھے امسال 3لاکھ روپے کا نقصان ہوا اور اسی طرح علاقہ میں سبھی باغ مالکان متاثرہ ہوئے ۔گیلاس کی پیکنگ میں مشغول ایک طالب علم مذمل احمدنے بتایا ’’میں 2دن سے کالج نہیں گیا کیونکہ گیلاس باغ کو کافی نقصان پہنچا ،سب گیلاس گر گئے اور اب بچے کھچے گیلاس کو اتار کر کم از اکم کچھ پیسے تو ملیں ‘‘۔انہوں نے بتایا’’اس علاقہ میں گیلاس کی اچھی کوالٹی ہوتی ہے تاہم امسال سب کچھ برباد ہوگیا‘‘۔علاقہ کے سماجی کارکن پیر بلال نے سرکار نے مطالبہ کیا کہ باغ مالکان کا قرضہ معاف کیا جائے اور ژالہ باری اور بارشوں سے ہوئے نقصان کے تخمینہ لگا کرانہیں معاوضہ دیا جائے ۔ناظم باغبانی اعجاز احمد بٹ نے بتایا ’’ امسا ل غیر یقینی موسمی صورتحال اور حالیہ بارشوں کی وجہ امسال گیلاس کو کافی نقصان پہنچا ہے اور محکمہ متاثرہ علاقہ کی طرف جلد ہی ٹیم روانہ کرے گی اور نقصان کا تخمینہ لگانے کے ساتھ ساتھ باغ مالکان کے ساتھ مشاورت بھی کرے گی۔