تازہ ترین

اسرائیل فورسز کی مقبوضہ غزہ میں شدید بمباری

16 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
یروشلم //  فلسطینی مزاحمت کاروں کے اسرائیل پر راکٹ حملے کے نتیجے میں سدیروت نامی یہودی کالونی عمارت تباہ ہوگئی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ علاقے غزہ کی پٹی سے ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل کی طرف داغے گئے میزائل کے نتیجے میں’سدیروت‘ نامی یہودی کالونی میں ایک عمارت تباہ ہوگئی ہے۔ خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد ظلم و بربریت کی علمبردار اسرائیلی فوج نے مقبوضہ غزہ کی پٹی پر بلا اشتعال بمباری کی جبکہ اسرائیل میں نصب آئرن ڈوم میزائل شکن دفاعی نظام نے راکٹ کو فضا ہی میں تباہ کر دیا تھا۔ اسرائیلی پولیس کے مطابق گزشتہ شام اسرائیلی سرحدی قصبے سدیروت پر دوسرا راکٹ داغا گیا تھا، اس کے نتیجے میں ایک گھر کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس سے دو روز قبل اسرائیل نے غزہ پٹی کے ساحل کو فلسطینی ماہی گیروں کیلئے بند کر دیا تھا۔ اسرائیل کا کہنا تھا کہ یہ اقدام سرحد پار آتش گیر غبارے چھوڑے جانے کا ردعمل ہے۔ قابض اسرائیلی فوج نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ لڑاکا طیاروں نے مقبوضہ غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت کے ایک کمپاؤنڈ میں زیر زمین انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنایا تاہم کارروائی میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔