تازہ ترین

پنڈتوں کی نقل مکانی | جگموہن کی سازشوں کا نتیجہ

فرقہ پرستوں کا مقابلہ متحد ہوکر کیا جائے:ڈاکٹر فاروق

13 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر اور پارلیمنٹ ممبر ڈاکٹرفاروق نے کہا ہے کہ ریاست کے لوگوں کو متحد ہوکر بڑھتے ہوئے نفرت کے ماحول کا توڑ کرنا ہے ۔ اس کے علاوہ نفرت کی دیواروں کو منہدم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کشمیری پنڈت برادری اس وطن کے اُسی طرح مالک ہیں جس طرح کشمیری مسلمان ہیں۔ ہمیں صدیوں کی بھائی چارے کی مشعل کو فیروزان رکھنے کی ازحد کوشش کرنی چاہئے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنی رہائش گاہ پر پنڈت برادری کی اقلیتی سیل کے عہدیداران اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنڈتوں کو جگموہن نے کشمیر سے ایک سازش کے تحت بھگایا تاکہ مسلمانانِ کشمیر پر خوف و دہشت کا دبائو ڈالا جائے اور یہاں کے مسلمانوں کو بدنام کیا جائے۔ جگموہن نے ہی پنڈتوں کو یہ کہہ کر شبانہ گاڑیوں میں سوار کرکے جموں روانہ کیا کہ آپ کو صرف دو ماہ کیلئے جموں میں قیام کرنا ہوگا ۔ آج 29برس گزر جانے کے بعد بھی پنڈت برادری اپنے گھروں کو واپس نہیں لوٹ پائی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہوم لینڈ کی باتیں کررہے ہیں وہ دشمنوں کے خاکوں میں رنگ بھر رہے ہیں، پنڈتوں کو مسلمانوں کیساتھ مل جل کر رہنا ہے، اسی کا نام کشمیریت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر مسلمان اپنے پنڈت بھائیوں کے دشمن نہ تھے اور نہ آج ہیں بلکہ فرقہ پرست اور کشمیر دشمن عناصر نے پنڈت برادری کو اپنی سازشوں کی بھینٹ چڑھایا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ 1947میں جب پورے ملک میں قتل و غارت گری کا سماں تھا اور مذہب کے نام پر خون کی ندیاں بہہ رہیں تھیں کیا اُس وقت کشمیری مسلمانوں نے اپنے پنڈت بھائیوں کی رکھوالی نہیں کی؟انہوں نے کہا کہ آج ملک مکمل طور پر فرقہ پرستوں کی لپیٹ میں آگیا ہے اور یہ فرقہ پرست نہ ہمیں چین سے بیٹھتے دیکھ سکتے ہیں اور نہ ہی کشمیر میں مسلمانوں اور پنڈتوں کو ایک ساتھ رہنے دیں گے۔ ہمیں مل کو سازشوں کو بھانپ کر ان کا توڑ کرنے کی ضرورت ہے۔