تازہ ترین

سکمزصورہ کے23ویں سالانہ پوسٹ گریجویٹ ریسرچ پروگرام کا افتتاح

گورنرنے فیکلٹی اور عملے کی کارکردگی کوسراہا

13 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر// گورنر ستیہ پال ملک نے یہاں شیر کشمیر انٹر نیشنل کانفرنس سینٹر میں سکمز کے23 ویں سالانہ پوسٹ گریجویٹ ریسرچ پروگرام کا افتتاح کیا۔سکمز صورہ کو وادی کشمیر کا ایک اہم طبی ادارہ قرارد یتے ہوئے گورنر نے کہا کہ تحقیق کی وجہ سے اس ادارے کو ایک اعلیٰ مقام حاصل ہوا ہے۔گورنر نے سکمز صورہ کو طب کے میدان میں ایک اعلیٰ معیاری ادارہ بنانے کے لئے سکمز کی فیکلٹی اور عملے کی سراہنا کی۔ انہوں نے وادی میں لوگوں کی خدمت کرنے کے لئے ڈاکٹروں کے پیشہ وارانہ رویہ کی بھی تعریف کی۔گورنر نے کہا کہ تحقیق کی وجہ سے انسانیت کو کافی فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں سکمز کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ گورنر نے مزید کہا کہ ایس آر او283 سے متعلق معاملات کو بہت جلد حل کیا جائے گا اور سکمز کو کافی حد تک ایمز کے مساوی بنایا جائے گا۔گورنر نے کہا کہ ریاستی حکومت طبی شعبۂ کو مزید تقویت بخشنے کے لئے پُر عزم ہے اور اس سلسلے میں ریاست میں مزید پانچ نئے میڈیکل کالج کھولے جارہے ہیں جہاں ایم بی بی ایس کی400مزید نشستیں پُر کی جائیں گی اور اس طرح ریاست میں دستیاب ایم بی بی ایس کی نشستوں کی کُل تعداد900 ہوگی۔گورنر نے کہا کہ نئی دہلی کے چانکیہ پوری گیسٹ ہاؤس میں مریضوں کے لئے اقامتی سہولیات کو وسعت دی گئی ہے اور مہا راشٹر کے وزیر اعلیٰ نے ممبئی میں اس سلسلے میں زمین فراہم کی ہے جہاں اُن مریضوں کے لئے اقامتی سہولیات قائم کی جائیں گی جو علاج کے لئے ممبئی جاتے ہیں۔گورنر نے الیکٹرانک موڈ کے ذریعے سکمز کے نرسنگ کالج کے کمپیوٹر فیسلٹی سینٹر کا افتتاح کیا اور سکمز صورہ کی 4 اشاعتوں کی رسم رونمائی بھی انجام دی۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے سکمز کے طبی اور نیم طبی عملے کے پیشہ وارانہ رویہ کی سراہنا کرتے ہوئے سکمز کو ریاست کے لئے باعث افتخار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چند ماہ کے دوران سکمز میں مختلف محاذوں پر کافی ترقی ہوئی ہے اور حکومت اس ادارے کو ہر سطح پر تعاون دینے کی وعدہ بند ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ریاست میں طبی شعبۂ کو ایک نئی طرح مل رہی ہے اور ریاست میڈیکل ٹورازم کا ایک اہم مقام بنے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں2 اہم طبی شہر قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔اس موقعہ پر گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولا نے بھی سکمز کے طبی اور نیم طبی عملے کی تعریف کی۔تقریب کے دوران سکمز کے ڈائریکٹر پروفیسر عمر جاوید اور سکمز میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ریاض انتو نے ان اداروں میں جاری طبی اور تحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی۔اس سے قبل پروگرام کے آرگنائزنگ چیئرمین ڈاکٹر غلام حسن نے مہمانوں کا استقبال کیا اور ڈاکٹر ہارون رشید نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔