تازہ ترین

بڈگام اوربارہمولہ میں سیلابی صورتحال کا معائنہ | متعلقہ محکموں کو متحرک رہنے کی ہدایت

13 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
بڈگام// ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے ضلع میں سیلابی صورتحال سے متاثرہ علاقوں شالنگانہ اورسکھناگ وغیرہ کا دورہ کیا اور بارشوں سے پیداشدہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ ایس ای ہائیڈرولکس،ایس ڈی ایم چاڈورہ اوربیروہ،تحصیلدار بڈگام،ماگام اور ناربل بھی تھے۔ترقیاتی کمشنر نے ایمرجنسی کی صورت میں کئے جارہے اقدامات کا موقعہ پر ہی جائزہ لیا۔انہوںنے نہر کے بند پر کچی حد بندی کھڑا کرنے کے احکامات دئے تاکہ بند گاڑیوں کی آمدورفت کو روکاجاسکے۔جبکہ تحصیلدار بڈگام کو ایسے پیڑوں اور سفیدو ں کو کاٹنے کی ہدایت دی گئی جن کی وجہ سے پانی کے بہائو میںرکائوٹیں حائل ہورہی ہیں۔اُدھر ترقیاتی کمشنر نے ناربل میںحساس مقامات بشمول نالہ سکھناگ،پیٹھ مکہامہ ،کانہامہ اورحانجی بُگ کا دورہ کیا جس دوران انہیں بنڈوں کی حفاظت کے لئے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔ترقیاتی کمشنر کو بتایا گیا کہ کسی بھی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بڑی تعداد میں ریت کے تھیلے دستیاب رکھے گئے ہیں جب کہ افرادی قوت اورمشینری کو بھی تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر جی این ایتو نے آج آفیسران کی ایک ٹیم کے ہمراہ سیلابی صورتحال سے دوچار علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ ایس ایس پی بارہمولہ،ایگزیکٹیو انجینئر فلڈ کنٹرول،تحصیلداران اور متعلقہ انجینئروں کے علاوہ دیگر افسران بھی تھے۔ٹیم نے کے پی پائین،ہانی ویرا،خوٹی،تارزو اورپنزی پورہ کے علاوہ دریائے جہلم کے کناروں اوردیگر کئی علاقو ںکادورہ کیا جہاں انہوںنے شدید بارشوں سے پیداشدہ سیلابی صورتحال کا معائنہ کیا ۔اس دوران انہوںنے اری گیشن وفلڈ کنٹرول حکام کو دریائے جہلم اوردیگر دریائوں کے کناروںکو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوںنے اس مقصد کے لئے افرادی قوت قور مشینری کو بروئے کار لانے کی ہدایت دی۔دریںاثنأ ترقیاتی کمشنرنے عوام سے پیل کی کہ وہ کسی بھی طرح کی تشویش میں مبتلا نہ ہوں اور انتظامیہ کے ساتھ برابررابطے میں رہیں۔