تازہ ترین

انٹونی کی صدارت میں کانگریس لیڈروں کی اہم میٹنگ

13 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نئی دہلی//کانگریس نے پارٹی کے کور گروپ کی میٹنگ میں پارٹی صدر کے عہدے کے لئے مسٹر راہل گاندھی کے متبادل پر بحث کئے جانے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینئر لیڈروں کی یہاں ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں چار ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات پر بحث کی گئی۔ کانگریس میڈیاسیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سورجے والا نے میٹنگ کے بعد یو این آئي سے کہا کہ پارٹی لیڈر اے کے انٹونی کی صدارت میں پارٹی کے یہاں رکاب گنج روڈ پر واقع 'وار روم' میں سینئر لیڈروں کی میٹنگ ہوئی۔ اس میں نئے کانگریس صدر کے نام پر کوئی بحث نہیں ہوئی۔ اس طرح کی خبریں بے بنیاد اور محض قیاس آرائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں چار ریاستوں ہریانہ، جموں و کشمیر، مہاراشٹر اور جھارکھنڈ میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کی حکمت عملی پر بحث کی گئی۔ میٹنگ میں مسٹر انٹونی کے علاوہ پارٹی لیڈر احمد پٹیل، غلام نبی آزاد، ملک ارجن کھڑگے ، آنند شرما، پی چدمبرم، کے سی وینو گوپال، جے رام رمیش اور رندیپ سنگھ سورجے والا موجود تھے ۔ پارٹی کور گروپ کے رہنماؤں کی میٹنگ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی کا کور گروپ بنایا گیا تھا اور کور گروپ عام انتخابات ختم ہونے کے بعد خود کار طریقے سے تحلیل ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی پارٹی کے صدر ہیں اور ان کی راہنمائی میں پارٹی کام کر رہی ہے اور آگے بھی کرتی رہے گی۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی گزشتہ دنوں ہونے والی میٹنگ میں ترقی پسند اتحاد کی سربراہ سونیا گاندھی کو پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا تھا اور انہیں ہی دونوں ایوانوں میں پارٹی کا لیڈر منتخب کرنے کا حق دیا گیا ہے ۔یو این آئی