تازہ ترین

مودی لوک سبھا میں بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے رہنما

راج ناتھ نائب رہنما اور راجیہ سبھا میں گہلوت لیڈر ہوں گے

13 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نئی دہلی//سترہویں لوک سبھا میں وزیراعظم نریندر مودی بھارتیہ جنتا پارٹی پارلیمانی پارٹی کے رہنما اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نائب رہنما ہوں گے جب کہ راجیہ سبھا میں مسٹر ارون جیٹلی کی جگہ مسٹر تھاور چند رگہلوت ایوان کے لیڈر ہوں گے ۔ بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے دفتر کی طرف آج یہاں جاری پارلیمانی پارٹی کی مجلس عاملہ کی فہرست میں وزیر داخلہ امت شاہ کا نام مسٹر مودی کے بعد بی جے پی کے قومی صدر کے طور پر دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے ۔ یہ فیصلہ بی جے پی پارلیمانی پارٹی کی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں کیا گیا ۔ بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے دفتر کے سکریٹری سی بال سبرامنیم نے یہاں بتایا کہ مسٹر مودی اور مسٹر شاہ کی رہنمائی میں بی جے پی پارلیمانی پارٹی کی مجلس عاملہ کی تشکیل منگل کو کی گئی ۔ وزیر دفاع مسٹر سنگھ کو لوک سبھا میں بی جے پی کا ڈپٹی لیڈر بنایا گیا ہے اور وہ ایوان میں مسٹر مودی کے بعد نمبر دو کی حیثیت میں ہوں گے ۔ راجیہ سبھا میں سماجی انصاف تفویض اختیارات کے وزیر تھاورچند گہلوت کو راجیہ سبھا میں ایوان کا لیڈر اور ریلوے ، کامرس اینڈ انڈسٹری کے وزیر پیوش گوئل کو ڈپٹی لیڈر بنایا گیا ہے ۔ مسٹر پرہلاد جوشی چیف وہپ ہوں گے ۔ لوک سبھا میں ڈپٹی چیف وہپ مسٹر ارجن رام میگھوال ہوں گے جبکہ راجیہ سبھا میں ڈپٹی چیف وہپ جناب وی مرلي دھرن ہوں گے ۔لوک سبھا میں بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے سکریٹری کے عہدے پرگنیش سنگھ اور راجیہ سبھا میں بھوپندر یادو ہوں گے ۔ مسٹر گوپال شیٹی خزانچی ہوں گے ۔لوک سبھا پارلیمانی پارٹی کے وہپ پریتم بھومک، سنیل سنگھ، پرویش ورما، کریٹ بھائی سولنکی، جگل کشور شرما، نلین کمار کتیل، سدھیر گپتا، سنتوش پانڈے ، کے ایم پاٹل، سریش پجاری، کنک مل کٹارا، اجے مشرا، بھانو پرتاپ سنگھ ورما، پنکج چودھری، کھگین مرمو، رنجنابین بھٹ، شوبھا کرنڈلاجو اور لاکٹ چٹرچي ہوں گے ۔راجیہ سبھا میں بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے وہپ امر شنکر سابلے ، شمشیر سنگھ منھاس، شویت ملک، چنني بھائي گوھل، اجے پرتاپ سنگھ اور اشوک واجپئی ہوں گے ۔ لوک سبھا میں مجلس عاملہ کے خصوصی مدعو رکن نتن گڈکری، روی شنکر پرساد، ارجن منڈا، نریندر سنگھ تومر، اسمرتی ایرانی اور جوئل اوراؤں ہوں گے جبکہ راجیہ سبھا میں جے پی نڈا، اوم پرکاش ماتھر، نرملا سیتا رمن، دھرمیندر پردھان اور پرکاش جاوڈیکر خصوصی مدعو رکن ہوں گے ۔یو این آئی