تازہ ترین

قصبہ بانہال میں کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا

مسافروں ،سیاحوں ،یاتریوں اورطلباکوکرناپڑاپریشانیوں کاسامنا، پانچ کلومیٹر کی مسافت طے کرنے میں تین گھنٹوں کاوقت لگا

11 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

محمد تسکین
 بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر قصبہ بانہال میں پیر کی صبح سے لگا ٹریفک جام بعد دوپہر تین بجے تک جاری رہا جس کی وجہ سے مسافروں ، سیاحوں اور مقامی لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریفک جام کی وجہ سے قصبہ بانہال کے دونوں اطراف مسافروں کے علاوہ سکولی بچوں کو صبح اور بعد دوپہر کئی گھنٹوں تک جام میں پھنسے رہنا پڑا جبکہ میلہ کھیر بھوانی کیلئے جانے والے یاتریوں ، سیاحوں اور عام مسافربھی کم از کم چار گھنٹوں تک ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔کئی مسافروں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ قصبہ بانہال کے دونوں اطراف ٹریفک جام کی وجہ سے پانچ چھ کلومیٹرکی مسافت طے کرنے کیلئے انہیں چار گھنٹوں کاوقت لگ گیا۔۔ انہوں نے کہا کہ ڈولیگام ، بنکوٹ اور کسکوٹ کی مقامی رابطہ سڑکیں بھی شدید ٹریفک جام کی وجہ سے مقامی ٹریفک اور سکول بچوں کیلئے بند رہا اور تپتی دھوپ میں درماندہ مسافروں کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ بانہال میں ٹریفک جام کی وجہ سے مسافر گاڑی والے چملواس سے بانہال اور نوگام براستہ لامبر بانہال رابطہ سڑکوں کو استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے پچھلے دو روز سے یہ مقامی رابطہ سڑکیں بھی ٹریفک جام کی وجہ سے مقامی ٹریفک کیلئے بند رہیں اور دوپہر تین بجے کے بعد معمول کا ٹریفک بحال کیا گیا۔ واضح رہے کہ پچھلے کئی روز سے شاہراہ پر مسافر گاڑیوں کا دو طرفہ ٹریفک ہے جبکہ مال بردار گاڑیوں کو دو طرفہ چلنے کی اجازت ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کے بھاری دباؤ اور مقامی ٹریفک کی وجہ سے قصبہ بانہال میں ٹریفک جام کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔