تازہ ترین

’بٹوت کوسب ڈویژن اورسب ڈسٹرکٹ کادرجہ دیاجائے‘

بٹوت کی سیاسی ،سماجی اورمذہبی تنظیمیں یک زبان، سابقہ حکومتوں پرقصبے کے ساتھ سوتیلے سلوک کاالزام

11 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

ارشد کاظمی
بٹوت //ریاست کے خطہ چناب کے مشہور قصبہ بٹوت کے لوگوں اورمختلف سیاسی وسماجی تنظیموں سے وابستہ لیڈران نے ریاستی گورنرانتظامیہ سے بٹوت کو سب ڈویژن و سب ڈسٹرکٹ کا درجہ دینے کا  پُرزور مطالبہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں بٹوت کے بھدروا موڑ چوک میںبٹوت ومضافات کے سیاسی وسماجی کارکنان کاایک اجلاس منعقدہوا۔اجلاس کے بعد بٹوت میونسپل کمیٹی کے صدرراوپندرسنگھ اور دیگرمیونسپلٹی وارڈ ممبران ،بٹوت بلاک کی ایک درجن کے قریب پنچائتوںکے سرپنچوں اورپنچوںکے علاوہ ریاستی یوتھ کانگریس کے جنرل سیکریٹری راشد ملک، نیشنل کانفرنس ضلع رام بن کے جنرل سیکریٹری عارف میر،پی ڈی پی لیڈرشمعون میر،بی جے پی لیڈررام کمارگپتا،جگدیش چند راجپوت کانگریس پارٹی کے بلاک صدربٹوت جنک سنگھ بٹوت مسلم کمیٹی کے صدرمحمدیوسف میر ،سناتن دھرم سبھا کمیٹی کے صدرروی کمار گپتا،بٹوت بیوپار منڈل کے صدرسنجے گپتا،بٹوت ہوٹل ڈھابہ فورم کے صدر غلام حیدرخان نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے یک زبان ہو کر بٹوت کوسب ڈویژن اور سب ڈسٹرکٹ کا درجہ دینے کا حکومت سے پرزورمطالبہ کیا۔اس موقعہ پر ان لوگوں کا کہنا تھاکہ ایک لمبے عرصے تک ریاست کے سرمائی اور گرمائی دارالخلافہ شہر جموں اور سری نگر کے لیے مرکزی حیثیت و اہمیت کے حامل رہے قصبہ بٹوت کے عوام کو مختلف سابقہ حکومتو ں کی جانب سے بنیادی سہولتاتکی فراہمی کے نام پر بُری طرح سے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے اورقدرتی حسن کی دولت سے مالا مال اس قصبے کے ساتھ تعمیر وترقی کے نام پرسابقہ حکومتو ں نے ہمیشہ سوتیلا سلوک و برتائو کیااور یہ سلسلہ ریاست میں2o14؁ میں اس وقت کی حکومت نے نئے انتظامی یونٹوںکے قیام کے دوران بھی جاری رکھا، بٹوت قصبہ جو اُس وقت سب ڈویژن کے قیام کا صحیح معنوں میںحقدار تھامگر اُس وقت بھی سیاسی مصلحتوںکی وجہ سے بٹوت کے عوام کو اس حق سے محروم رکھا گیااور اب جبکہ خط چناب کے ساتھ ساتھ ریاست کے دیگر حصوں میںبٹوت کے ہم عصر قصبہ جات کوسب ڈویژن کا درجہ حاصل ہے مگر بٹوت کے حصے میں محرومی کے سواکچھ بھی نہیں ہے ۔ان لوگوں کے بقول سابقہ ستر سال کے عرصہ میں بٹوت کی عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی کے نام پرحکومتوںکی جانب سے محرومیاں ہی سوگات میں ملی ہیں۔انہوں نے ریاستی گورنرانتظامیہ جلداز جلد بٹوت کو سب ڈویژن اور سب ڈسٹرکٹ کادرجہ دینے پرزور دیا۔انہوں  نے کہا کہ جموں سری نگر شاہراہ فور لین تعمیری منصوبے میں ناشری چہنینی ٹنل کی تعمیر کے نتیجہ میںشاہراہ پر آباد ہونے کے مقام سے محروم ہوئے بٹوت قصبے کی عوام کو روز مرہ زندگی میںمختلف قسم کے نئے مسائل ومشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے ۔لوگ کاروباری واقتصادی طور پربڑے نقصان سے دوچارہوئے ہیںاور مزید اب جموں ڈوڈہ متبادل شاہراہ تعمیری منصوبے کی آہٹ نے لوگوں کو اپنے مستقبل کی فکرمیں نت نئے اندیشوں سے دوچار کر دیاہے لہذا اب یہ بہت ضروری ہو گیاہے کہ حکومت بٹوت کوسب ڈویزن اور سب ڈسٹرک کادرجہ دیکرقصبے کے ساتھ انصاف کرے اوراس قصبے کی تعمیر وترقی کے لیے لازمی سہولتات اوربٹوت کی عوام کو در پیش مشکلات ومسائل کا کچھ حد تک ازالہ ممکن ہوسکے۔