تازہ ترین

راہل، پرینکا سے سدھو کی ملاقات

11 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نئی دہلی// وزیراعلی کیپٹن امریندر سنگھ کے ساتھ تنازعہ کی خبروں کے درمیان پنجاب کے کابینی وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے پیر کو یہاں کانگریس صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی اور انہیں پنجاب کے سیاسی حالات سے باخبر کیا۔ مسٹر سدھو نے مسٹر راہل گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس دوران وہاں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا اور کانگریس کے خازن احمد پٹیل بھی موجود تھے ۔ بتایا جارہا ہے کہ مسٹر پٹیل مسٹر سدھو اور کیپٹن امریندر سنگھ کے درمیان جاری تنازعہ کو پرامن طور سے حل کرنے کی کوششوں میں ہیں۔کانگریس صدر سے ملاقات کے بعد مسٹر سدھو نے ٹوئٹ کیا کہ انہوں نے مسٹر راہل گاندھی سے ملاقات کرکے پورے معاملے کے سلسلے میں ایک خط حوالے کیا ہے ۔ مسٹر سدھو نے ایک فوٹو پوسٹ کیا ہے جس میں وہ مسٹر راہل گاندھی اور محترمہ وڈرا کے درمیان کھڑے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ کیپٹن امریندر سنگھ نے مسٹر سدھو سے سیاحت اور ثقافت جیسے اہم وزارت چھین کر انہیں توانائی اور قابل تجدید توانائی کا وزیر بنایا تھا۔کونسل آف منسٹر میں تبدیلی کے بعد وزیراعلی امریندر سنگھ نے کابینہ کی میٹنگ بلائی جس میں مسٹر سدھو موجود نہیں تھے ۔وزیراعلی نے لوک سبھا کے انتخابی مہم کے دوران مسٹر سدھو پر پارٹی کو نقصان پہنچانے والے بیان دینے کا الزام لگاتے ہوئے ہائی کمان سے ان کے خلاف کارروائی کرنے کی امید کااظہار کیا تھا۔یو این آئی