تازہ ترین

نوگام ویری ناگ میں مختصر تصادم آرائی

جنگجو جاں بحق، 2فرار

9 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

عارف بلوچ
اننت ناگ// نوگام ویری ناگ کے جنگلاتی علاقے میںمختصر تصادم آرائی میں جیش محمد سے وابستہ مقامی جنگجو جاں بحق ہوا جبکہ 2فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔جنگجو کی ہلاکت کے مابعد اننت ناگ ضلع میں موبائل انٹرنیٹ سروس منقطع کردی گئی۔ 

تصادم آرائی

 19آر آر، سی آر پی ایف اور جموں وکشمیر پولیس کے خصوصی آپریشن گروپ سے وابستہ اہلکاروں نے مشترکہ طور پر اننت ناگ ضلع کے جنگلاتی علاقے نوگام کا سنیچر علی الصبح محاصرہ عمل میں لایا۔ پولیس کے مطابق انہیںمصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ نوگام کے گھنے جنگلات میں 2سے 3جنگجو پناہ لئے ہوئے ہیں جس کے بعدجنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا۔پولیس نے جونہی علاقے کو محاصرہ میں لینے کی کوشش کی تو جنگجوئوں نے فورسز پارٹی  پر فائرنگ کی ، جس کے بعد طرفین کے درمیان مختصر تصادم آرائی ہوئی جس میں  ایک جنگجو جاں بحق ہوا، جبکہ مقامی لوگوں کے مطابق 2جنگجو فرار ہوئے۔جاں بحق جنگجو کی شناخت اقبال احمد ساکن پانزتھ ڈورو اننت ناگ کے طور پر ہوئی جو ممکنہ طورپر جیش محمد کیساتھ وابستہ تھا۔ پولیس مزید بتایا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے کیوں کہ علاقے میں مزید 2جنگجوئوں کے چھپے ہونے کی اطلاعات ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکائونٹر میں فرار اختیار کرنے والے مزید جنگجوئوں کی تلاش کیلئے فورسز نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا ہے۔تصادم آرائی میں مارے گئے جنگجو کی نعش کو پولیس نے 19آر آر کیمپ لارکی پورہ سے حاصل کرنے کے بعد طبی و قانونی لوازمات کے مراحل سے گزارنے کے بعد اسے لواحقین کے حوالے کردیا۔ معلوم ہوا ہے کہ 36سالہ اقبال احمدساکن ڈورو پہلے حرکت المجاہدین کے ساتھ وابستہ تھا جس کے بعد انہیں فورسز نے گرفتار کرلیا۔ اقبال 8 ماہ قبل دوبارہ عسکری صفوں میں شامل ہوا اور جیش محمد میں شمولیت اختیار کرلی۔پولیس کے مطابق اقبال کئی مرتبہ گرفتار ہوا اور رہا ہونے کے بعد دوبارہ جنگجوئوں کے ساتھ رابطہ بناتا گیا۔

ہڑتال

 جنگجو کی ہلاکت کے فوراً بعد ڈورو اننت ناگ میں آناً فاناً تمام قسم کی سرگرمیاں ٹھپ ہوکر رہ گئیں۔ جونہی اقبال کی ہلاکت کی خبر پھیل گئی تو  دوکانات، تجارتی اور تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند ہوگئے جبکہ سڑکوں سے ٹریفک کی نقل و حرکت بھی مسدود ہوکر رہ گئی۔ نوجوانوں کی مختلف ٹولیوں نے سڑکوں پر آکر فورسز کارروائی کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔
 
 

 زخمی فوجی چل بسا | اہلکار حادثاتی طور لقمہ اجل

شاہد ٹاک +ارشاد احمد

شوپیان+گاندربل // پانزرن پلوامہ جھڑپ کے دوران زخمی فوجی اہلکار زخموں کی تاب نہ لا کر دم روڑ بیٹھا جبکہ مانسبل میں حادثاتی طور پر گولی چلنے سے  اہلکار کی موت واقع ہوئی ہے۔پیرا ٹروپر کرم جیت سنگھ جھڑپ کے دوران زخمی ہوا تھا جسے بادامی باغ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ادھرمانسبل آرمی کیمپ میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب آرمی اہلکار اپنے بندوق کی صفائی کررہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی جس کی زد میں اس کا ساتھی آگیا جس کی ہسپتال میں موت واقع ہوگئی۔حوالدار تاران کمار ،جوکہ 13 آر آر سے منسلک ہے ،ساکن کٹھوعہ جموں اس وقت شدید زخمی ہوگیا جب اس کا ساتھی لال چند اپنی سروس رائفل کی صفائی کررہا تھا کہ اچانک گولی نکل گئی۔حوالدارکو فوری طور بادامی باغ سرینگر 92  بیس ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔