تازہ ترین

ریاست کے سب سے بڑے مالیاتی ادارے میں بڑی تبدیلی | جے کے بنک چیئر مین فارغ

آر کے چھبر عبوری چیئر مین اور منیجنگ ڈائریکٹر نامزد

9 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

بلال فرقانی
سرینگر//ریاست کے سب سے بڑے مالیاتی ادارے جموں کشمیر بنک کے چیئرمین اور بورڈ آف ڈائریکٹر کو عہدے سے برطرف کیا گیا۔ریاستی حکومت نے بنک کے ایگزیکٹو صدر آر کے چھبر کو بورڈ کا منیجنگ ڈائریکٹراور بنک کا عبوری چیئرمین نامزد کیا ہے۔محکمہ خزانہ کے ایڈیشنل سیکریٹری کی طرف سے سنیچر کو ایک حکم نامہ زیر نمبر FD/BKG/21/2019محرر8جون2016جاری کیا گیا،جس میں کہا گیا کہ جموں وکشمیر بنک چیئرمین پرویز احمد کو بنک کی ڈائریکٹر شپ کے عہدے سے معذول کیا جاتا ہے۔آر ڈر میں کہا گیا’’ریاستی حکومت نے ایسو سی ایشن آف جموں کشمیر بنک لمیٹیڈ دفعہ 69شق 3کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال میں لا کر جموں و کشمیر بنک کے چیئر مین و منیجنگ ڈائریکٹر پر ویز احمد کوچیئرمین کے عہدے اور بورڈ آف ڈائریکٹرس کی رکنیت سے فارغ کردیا ہے‘‘۔حکم نامہ میں مزید کہا گیا کہ اس فیصلے کی رئو سے پرویز احمد ننگرو جموں کشمیر بنک کے نہ ہی چیئرمین ہوںگے اور نہ ہی بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔مذکورہ آرڈر میں واضح کیا گیا ہے ’’ بنک کے ایگزیکٹو پریذیڈنٹ آر کے چھبر کو بنک کے عبوری چیئرمین اوربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر تعینات کیا جاتا ہے‘‘۔آرڈر کے مطابق مذکورہ حکم نامے کا اطلاق فوری طور پر لاگو ہوگا۔ پرویز احمد ننگرو کو اکتوبر 2016میںتین سالہ مدت کیلئے جموں وکشمیر بنک چیئرمین کے عہدے پر تعینات کیا گیاتھا۔ جموں وکشمیر بنک کے ایگزیکٹوٹیو ڈائریکٹرز میں پی کے تکو اور آر کے چھبر شامل ہیں۔ تکو کی سبکدوشی میں بہت کم مدت باقی رہ گئی ہے۔

حکومتی بیان

ریاستی سرکار نے اس ضمن میں جو بیان جاری کیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ جموں وکشمیر بینک کی انتظامیہ پر کھڑا کئے گئے سوالات کے تناظر میں حکومت نے اس بینک کے کام کاج کو ترقی دینے کیلئے طویل مدتی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہ بینک دیگر سرکاری بینکوں کے لئے ایک مثال بن سکے۔پہلے قدم کے طور حکومت نے بینک بورڈ میں نامزد ڈائریکٹر پرویز احمد ،جو کہ چیئرمین اور ڈائریکٹر بھی ہیں، کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت کے نامزد نمائندے کی حیثیت سے ڈائریکٹر کی تبدیلی کے بعد بورڈ نے پرویز احمد کی چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کی مدت کو ختم کیا ہے۔حکومت نے جموں وکشمیر بینک کے ایگزیکٹیو پریذیڈنٹ آر کے چھبر کو بورڈ میں حکومت کا نمائندہ نامزد کیا ہے ۔بورڈ نے اُن کی عبوری چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے تقرری عمل میں لائی ہے ۔حکومت نے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مناسب فرد کی مستقبل تقرری عمل میں لائی جاسکے۔جموں وکشمیر بینک کو ریزو بینک آف انڈیا نے بارہا یہ ہدایت دی ہے کہ بینک کے کام کاج کو بہتر بنانے کے لئے چیئرمین کے عہدے کو منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے سے علاحدہ کیا جائے ۔حکومت اس سلسلے میں مناسب اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت جموں وکشمیر بینک کو ملک کا ایک بہتری بینک بنانے کے اقدامات کر رہی ہے تاکہ ریاست کی مزیداقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔