تازہ ترین

گورنر کے شکایتی سیل میں عوامی دربار

خورشید گنائی نے متعدد وفود کی شکایات سنیں

9 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

سری نگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کل گریوینس سیل چرچ لین سونہ وار میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا۔لگ بھگ 16وفود نے مشیر موصوف سے ملاقات کی اور اُنہیں اپنے متعلقہ علاقوں سے متعلق مختلف مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔ کئی افرد بھی فرداً فرداً مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے مسائل سے جانکاری دلائی۔ شالیمار علاقے سے آئے ہوئے ایک وفد نے علاقہ میں ایک ڈگری کالج کے قیام کا مطالبہ کیا۔سیزنل اساتذہ کے ایمپلائی ڈیلی گیشن نے مشیر موصوف سے ملاقات کی اور ان کی ملازمتوں کو باقاعدہ بنانے اور ماہانہ مشاہرے میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا۔سپورٹس فیڈریشن مٹن نے اپنے علاقے میں کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کا مطالبہ کیا۔بیروہ سے آئے ہوئے ایک وفد نے علاقے کو ہِل ڈسٹرکٹ کادرجہ دلانے ، پینے کے پانی ، سڑک ، تعلیم و طبی سہولیات سے متعلق مطالبات پیش کئے ۔سری گفوارہ اننت ناگ کے وفود نے ایس آر او۔ 43 کے تحت معاوضہ فراہم کرنے جب کہ ہائیر سکینڈری سکول بجبہاڑہ کے بارہویں جماعت کے طلباء نے منسوخ شدہ پرچوں پر دوبارہ غور کرنے کا مطالبہ کیا۔کنٹریکچول لیکچرروںنے اُن کے اِنتخاب میں سالانہ سکریننگ ٹیسٹوں سے مستثنیٰ رکھنے کا مطالبہ کیا۔ضلع کولگام کے نندی مرگ گجر بستی کے باشندگان ، اَکھل کنگن اور شالہ ٹینگ علاقوں کے وفود شامل تھے ۔اُنہوں نے سڑک رابطوں ، آبپاشی سہولیات و دیگر جاری پروجیکٹوں سے متعلق مطالبات پیش کئے ۔ مشیر موصوف نے تمام وفود اورافراد کے مشکلات و مطالبات بغور سنے اور متعلقہ ایجنسیوں کو خصوصی ہدایات جاری کیں تاکہ اِن لوگوں کے مسائل کا ازالہ کیا جاسکے۔