تازہ ترین

مولوی مشتاق احمد کی 15ویں برسی

میرواعظ منزل پرقرآن خوانی اور دعائیہ مجلس کا اہتمام

9 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

سرینگر// عوامی مجلس عمل کے سرکردہ رہنما ،حریت پسند شخصیت اور میرواعظ خاندان کے رکن رکین شہید مسجد مولوی مشتاق احمد کی 15ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے ۔ اس سلسلے میں  میرواعظ منزل سرینگر میں مولوی مشتاق ، بانی تنظیم شہید ملت میرواعظ کشمیر مولوی محمد فاروق صاحب ؒ سمیت دیگر جملہ شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے قرآن خوانی اور دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا۔قرآن خوانی کے فوراً بعد ایک خصوصی تقریب جس کی صدارت تنظیم کے قائمقام جنرل سیکریٹری جی این زکی نے کی ، میں شہید مسجد کو تنظیم اور تحریک کے تئیں موصوف کی بے لوث اور گراں قدر سیاسی خدمات کو تنظیم کے مرکزی زعما اور عہدیداروں نے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مولوی مشتاق احمد ایک انتہائی پرخلوص شخصیت کے مالک، غریبوں کے ہمدرد اور تحریک حق خودارادیت کے ایک پر جوش علمبردار تھے جنہوں نے پوری زندگی تنظیم اور تحریک کیلئے وقف کررکھی تھی۔اس سے قبل گزشتہ کل نماز جمعہ کے موقعہ پر مرکزی جامع مسجد سرینگر میں شہید مسجد مولوی مشتاق احمد سمیت آج تک کے جملہ شہدائے وطن کے حق میں ایصال ثواب کیا گیا اور فاتحہ پڑھی گئی ۔ 
 

میرواعظ اور مولانا ہمدانی کا خراج

سرینگر// عوامی مجلس عمل کے سربراہ تنظیم وحریت (ع)چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے مولوی مشتاق کو ایک انتہائی مخلص اور بے باک رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید مسجد نے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کر کے تحریک حریت میں ایک گراں قدر قربانی کا اضافہ کیا اور ان تمام قربانیوں کی حفاظت اور تحریک کو پایہ تکمیل تک لے جانا قیادت اور قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ادھرجمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے مولوی مشتاق احمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ،کہ مرحوم کو اللہ نے خداد علمی اور دینی اوصاف سے نوزا تھا ۔جمعیت ہمدانیہ کے اجلاس میں مرحوم کے حق میں کلمات اور دعائے مغفرت ادا کیا گیا۔ اجلاس میں صدرِ جمعیت حاجی عبدالرشید گانی، حاجی پیرزادہ محمد اشرف عنایتی، فاروق احمد گانی اور دیگر زعماء نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔