تازہ ترین

کشتواڑ میں ایس پی اوز کی بھرتی

۔ 83اسامیوں کیلئے 2231امیدوار شریک

9 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

ڈار محسن

 امیدواروں میں کئی پوسٹ گریجویٹ بھی شامل 

 کشتواڑ //کشتواڑ میں ایس پی اوز کی بھرتی شروع ہوئی ہے جس میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شمولیت کی جن میں گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ نوجوان بھی شامل ہیں ۔یہ بھرتی جمعہ کے روز شروع ہوکر سنیچر کو اختتام پذیر ہوگئی ۔ ایس ایس پی کشتواڑ نے بتایاکہ اس بھرتی میں 2231امیدواروں نے شمولیت کی جن میں سے 1351کو نااہل قرار دیاگیا اور 879امیدواروں نے بھرتی عمل کے ابتدائی مرحلے میں کامیابی حاصل کی ۔انہوں نے بتایاکہ ضلع میں ایس پی اوز کی کل 83اسامیاں ہیں ۔بھرتی عمل میں کامیاب ہونے والے امیدواروں میں 422کا تعلق کشتواڑ قصبہ سے ، 22کا تعلق دچھن سے ، 22واڑون سے، 81چھاتروسے ،45مڑواہ سے،191اتھولی سے ہیں۔اس کے علاوہ مختلف علاقہ جات سے 94خواتین امیدوار وں نے بھی بھرتی عمل میں کامیابی حاصل کی ہے ۔تاہم ابھی حتمی فہرست آنا باقی ہے ۔ذرائع کے مطابق ان ایس پی اوز کی تعیناتی خصوصی طور پر ضلع میں ملی ٹینسی مخالف سرگرمیوں کیلئے عمل میں لائی جارہی ہے ۔ایس ایس پی نے بتایاکہ ضلع میں اس وقت آٹھ جنگجو اور ایک سو سے زائد بالائی ورکر سرگرم ہیں جو نوجوانوں کو بندوق اٹھانے کی ترغیب دے رہے ہیں ۔ بھرتی عمل میں شریک ایک پولیس افسر نے بتایاکہ ایس پی او کی بھرتی کیلئے گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ امیدوار بھی آئے ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق ممبر قانون ساز کونسل وپی ڈی پی لیڈر فردوس احمد ٹاک نے کہاکہ ایس پی او کی بھرتی میں گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ نوجوانوں کی شرکت خطے میں بیروزگاری کی سنگین صورتحال کا پتہ دیتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کئی پاور پروجیکٹ ہونے کے باوجود ضلع کے نوجوان روزگار سے محروم ہیں اور انہیں ہر سطح پر نظرانداز کیاجارہاہے ۔