تازہ ترین

ٹھٹھارکہ کی عوام گندہ پانی پینے پرمجبور

محکمہ ٹس سے مس نہیں ، علاقے میں احتجاجی مظاہرہ

9 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

زاہد بشیر
گول//سب ڈویژن گول کی پنچایت ٹھٹھارکہ میں عوام محکمہ پی ایچ ای کی عدم توجہی کے باعث گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے محکمہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس دوران مرد و زن نے ہاتھوں میں برتن لیکر نعرے بازی کی ۔ مظاہرین کاکہناتھاکہ ان کے علاقہ کو ہمیشہ سے ہی انتظامیہ اور حکومت نے نظرانداز رکھاہے اور آج اکیسویں صدی میں بھی انہیں پانی کے حصول کیلئے کئی کلو میٹر کا سفر طے کرناپڑتاہے ۔انہوں نے بتایاکہ پانی دوردراز کے چشموں سے لاناپڑتاہے جس کیلئے پورا دن ضائع ہوتاہے لیکن محکمہ صاف پانی کی سپلائی کیلئے بالکل بھی سنجیدہ نہیں ۔انہوں نے کہاکہ پانی کی قلت کاشکار لوگ گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں جس سے وبائی امراض پھوٹ پڑنے کا اندیشہ ہے ۔مظاہرین نے کہاکہ یہ پانی استعمال کے قابل نہیں اور اس سے تو کپڑے بھی نہیں دھوئے جاسکتے لیکن اس کے سوا ان کے پاس کوئی دوسرا چارہ نہیں ۔ان کاکہناہے کہ مال مویشیوں کیلئے بھی پانی کا کوئی بندوبست نہیں اورگندہ پانی پی کر کئی بچے بیمار ہوگئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے ملازمین  کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ انہوںنے کہا کہ یہ پنچایت5ہزار نفوس پر مشتمل ہے لیکن اس کے با وجود یہاں کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا ۔مقامی لوگوں نے بالٹیوں اور شیشے کے گلاسوں میں گندہ پانی جمع کرکے احتجاج کیا اور سرکار و انتظامیہ کو یہاں کی طرف توجہ دینے کی اپیل کی اور کہا کہ ’’کیا ہم جھوٹ بول رہے ہیں کیا ہمیں انسان ہی نہیں سمجھا جا رہا ہے ‘‘۔ لوگوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر محکمہ اور سرکار نے پانی کی سپلائی کا کوئی بندوبست نہیں کیاتو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کاراستہ اختیار کریں گے ۔