مزید خبرں

9 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

کوٹرنکہ میں ایس بی آئی شاخ کھولنے کی مانگ 

محمد بشارت 
 
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ میں مقامی لوگوں نے سٹیٹ بینک آف انڈیا کی شاخ کھولنے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ سب ڈویژن میں بنیادی سہولیات کی قلت کی وجہ سے ان کو شدید مشکلات سے دوچار ہو نا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان کو ہر روز کوٹرنکہ سے 20کلو میٹر دور بدھل کا رخ کرنا پڑرہا ہے جبکہ مذکورہ شاخ میں بھی صارفین کو ہر وقت لمبی قطاروں میں انتظار کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ میں جلداز جلد سٹیٹ بینک آف انڈیا کی ایک شاخ کھولی جائے اور اس سے قبل مذکورہ مقام پر ایس بی آئی کا اے ٹیم ایم نصب کیا جائے تاکہ صارفین کو درپیش مسائل حل ہو سکیں ۔انہوں نے کہاکہ سٹیٹ بینک نہ ہونے کی وجہ سے کنڈی ، مندرگالہ ،موڑہ دراج، لڑکوتی ،درمن ،پھلنی ،سموٹ ودیگر علاقوں کی عوام کومشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
 

بہروٹ گلی کی عوام نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا 

طارق شال
 
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے علاقہ بھروٹ گلی کی عوام نے ضلع انتظامیہ راجوری اور محکمہ پی ایچ ای کے کا م کاج کی سراہنا کی ہے۔ منجا کوٹ اور تھنہ منڈی تحصیلوں کے درمیان واقعہ بہروٹ گلی کی عوام نے علاقہ میں پانی کی شدید قلت کو لے کر ضلع انتظامیہ سے رجوع کیا تھا جس کے چلتے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کی ہدایت پر عیدالفطر کے روز مقامی لوگوں کو ٹینکوں کے ذریعہ پینے کا صاف پانی فراہم کیا گیا ۔مقامی لوگوں بالخصوص محمد فاروق، محمد خور شید، عبدلر شید، مرزا منظور احمد، فاروق مرزا، محمد ارشاد مغل، شاہین کوثر مغل، محمد شبیر اور محمد رفیق نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اور محکمہ پی ایچ ای راجوری کا شکریہ ادا کیا۔ 
 

مینڈھر میں بس اسٹینڈ کی بولی بغیر نوٹس کے لگانے کا الزام 

جاوید اقبال 
 
مینڈھر//مینڈھر کے مقامی لوگوں نے محکمہ دیہی ترقی اور مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بس اسٹینڈ کی بولی کیلئے کوئی بھی نوٹس جاری نہیں کیا گیا جبکہ آفیسر اور ٹھیکیدار وں کی ملی بھگت سے کچھ منظور نظر افراد ہی فارم بھر رہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ گزشتہ برس لگائی گئی بولی میں لاکھوں روپے کی ہیرا پھیری کی گئی ہے جبکہ اس بار بھی بولی کو خفیہ رکھنے کیلئے بھی آپسی اشتراک سے کام کیا گیا ہے ۔ایک مقامی شخص سید تعظیم حسین شاہ کا کہنا ہے کہ بس اڈہ کی خفیہ لگائی جارہی بولی سے صاف ظاہر ہے کہ متعلقہ محکمہ کے چند ملازمین ان لوگوں سے ملے ہوئے ہیں جو چوری چھپے کاغذت جمع کرواکے من مرضی سے بولی لگا رہے ہیں تاکہ گذشتہ سال کی طرح بس اڈہ کی بولی ہضم کی جائے ۔انکا کہنا تھاکہ بولی لگانے سے قبل گذشتہ سال کی بولی کا حساب دیا جائے۔موصوف نے الزام عائد کیا کہ چار لائنوں پر مشتمل فارم متعلقہ محکمہ سے تعلق رکھنا والا ملازمین ایک ہزار روپے میںفروخت کررہے ہیں جو کہ لوگوں کے ساتھ نا انصافی ہے۔ مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ڈی ایم مینڈھر سے فوری طورپر مداخلت کرکے بولی کو کچھ دنوں کے لئے روکنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نئی بولی کے سلسلہ میں اخبارات میں نوٹس شائع کیاجائے ۔
 

ساوجیاں میں پوسٹر بنانے کے مقابلے کا اہتمام 

پونچھ //فوج کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ کے سلسلہ میں بیداری پیدا کر نے کیلئے آرمی گڈویل سکول ساوجیاں میں پوسٹر بنانے کے مقابلے کا اہتمام کیا گیا ۔ما حولیات کے عالمی دن کے موقعہ پر شجر کاری مہم کیساتھ ساتھ پوسٹر بنانے کے مقابلے میں سکولی بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس مقابلے کومنعقد کرنے کا اصل مقصد بچوں کو ماحولیاتی کے تحفظ اور مذکورہ توازن کو برقرار رکھنے کیلئے بیدار کرنا تھا تاکہ سماج میں ہر ایک فرد قدرتی ماحول کے سلسلہ میں اپنی ذمہ داری سمجھ سکے ۔
 

مینڈھر میں منصف جج کیلئے الوداعی تقریب 

جاوید اقبال 
 
مینڈھر //بار ایسوسی ایشن مینڈھر کی جانب سے سابقہ منصف جج مینڈھر ریاض احمد چوہدری کی تبدیلی کے سلسلہ میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا جس میں نئے منصف جج کیساتھ ساتھ ایس ڈی ایم مینڈھر ،بار ایسوسی ایشن مینڈھر کے صدر شوکت چوہدری ،سابقہ صدر بشارت خان دیگر وکلاء اور دیگر ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر سابقہ منصف جج کی خدمت کی تعریف بھی کی گئی ۔
 

راجوری میں پی ڈی پی کارکنوں کا اجلاس منعقد 

سمت بھارگو 
 
راجوری //پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کارکنوں کی راجوری میں ایک میٹنگ سابقہ ریاستی وزیر چوہدری ذوالفقار علی کی قیادت میں منعقد ہو ئی جس میں پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ڈاک بنگلہ راجوری میں منعقدکی گئی میٹنگ میں درہال اور بدھل بلاکوں کے پارٹی کارکنوں نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران مختلف معاملا ت پر تفصیلی بات چیت ہوئی جبکہ اس دوران پارٹی سنیئر لیڈر اور سابقہ ریاستی وزیر نے کارکنوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریاں شروع کر تے ہوئے پارٹی کوزمینی سطح پر مضبوط بنانے کیلئے کام شروع کریں ۔انہوں نے کہاکہ عوامی مسائل کو اجاگر کر نے کیساتھ ساتھ لوگوں کیساتھ رابطہ پروگراموں کا اہتمام کیا جائے تاکہ پارٹی کو مزید مستحکم کیاجاسکے ۔
 

اسمبلی حلقوں کی حد بندی اور ریزرویشن 

صدراتی حکم کے تحت ممکن نہیں :قریشی 

جاوید اقبال 
 
پونچھ //سابقہ ایم ایل سی ایڈوکیٹ محمد رشید قریشی نے کہا ہے کہ اسمبلی حلقوں کی حد بندی اور ریزرویشن صدراتی حکم کے تحت ممکن ہی نہیں ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ آئین ہند کے آرٹیکل 356اور 357کے تحت اسمبلی حلقوں کی حد بندی اور ریزرویشن کو صدراتی حکم نامے کے تحت ممکن نہیں بنایا جا سکتا ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی اسمبلی میں جموں وکشمیر کے آئین میں ترمیم کے بعد ہی اس عمل پر غور کیا جاسکتا ہے جبکہ آئین ہند کے آرٹیکل 356اور 357کے تحت اسمبلی حلقوں کی حد بندی اور ریزرویشن کیلئے صدراتی حکم اور پارلیمنٹ کو اختیار ہی حاصل نہیں ہے ۔موصوف نے کہا کہ حالانکہ مذکورہ آرٹیکل کے تحت کچھ اختیارات صدر اور پارلیمنٹ کو حاصل ہیں تاہم اسمبلی حلقوں کی نئی حد بندی کیلئے یاستی اسمبلی میں ترمیم کے بعد ہی کوئی قدم اٹھا یا جاسکتا ہے ۔قریشی نے کہاکہ جبکہ ریاست میں اس وقت منتخب حکو مت ہی موجود نہیں ہے اور اس دوران قانونی حیثیت مذکورہ عمل کی اجازت ہی نہیں دیتی ۔سابقہ ایم ایل سی نے کہاکہ اسمبلی حلقوں کی نئی حد بند ی صرف جموں و کشمیر کے آئین کی سیکشن 47اور 49میں ترمیم کے بعد ہی ممکن بنائی جا سکتی ہے جبکہ اس ترمیم کیلئے ریاست میں منتخب اسمبلی کا ہونا لازمی ہے جوکہ ضروری اکثریت میں اس ترمیم کو انجام دے سکتی ہے ۔موصوف نے کہاکہ جب تک ریاست میں اسمبلی انتخابات نہیں کروائے جاتے تب تک آئین کی مذکورہ سیکشن میں ترمیم نہیں کی جاسکتی ۔انہوں نے کہاکہ اگر اس طرح کا کو ئی بھی قدم اٹھا یا جاتا ہے تو وہ ریاستی آئین کی توہین ہو گی۔
 

راجوری سڑک حادثے میں 5زخمی 

سمت بھارگو 
 
راجوری//راجور ی کے درہال علا قہ میں ایک سڑک حادثے میں 5افراد زخمی ہو گئے ۔پولیس کے مطابق راجوری درہال سڑک پر ایک کار زیر نمبر 8488-JK11Cڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ایک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں مذکورہ گاڑی میں سوار پانچ افراد زخمی ہو گئے جبکہ مقامی لوگوں نے حادثے کے زخمیوں کو ضلع ہسپتال راجوری منتقل کروایا جہاں پر ان کا علاج معالجہ جاری ہے ۔سڑک حادثے میں زخمی ہو نے والوں کی شناخت مصطفیٰ کمال مرزا ،شمیمہ بیگم ،مسرت کوثر ،شبینہ کوثر ،شاہدہ پروین کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں درہال پولیس اسٹیشن میں ایک معاملہ درج کر تے ہوئے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں ۔
 

تازہ ترین