تازہ ترین

منریگا کاموں کی اجرت کی عدم ادائیگی

بالاکوٹ میں سرپنچوں ،پنچوں اور مزدور طبقہ نے احتجاج کیا

9 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

جاوید اقبال
 
مینڈھر //منریگااسکیم کے تحت ہوئے تعمیراتی کاموں کی اجرت وگزار نہ ہونے کو لے کر مینڈھر کی تحصیل بالا کوٹ میں سرپنچوں ،پنچوں اور مزدور طبقہ نے جموں مینڈھر سڑک کو بند کر کے شدید احتجاج کیا ۔اس موقعہ پر مظاہرین نے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر بالا کوٹ ،اے ڈی سی پونچھ اور ڈائریکٹر محکمہ دیہی ترقی کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ عید پر بھی غریب مزدوروں کومنریگاکی مزدوری نہیں دی گئی۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں متعلقہ جی آر ایس نے ہزاروں روپے کمیشن بھی لی ہوئی ہے جبکہ کمیشن دینے کے باوجود بھی بقایا جات کی عدم ادائیگی سے تنگ آکر انہوں نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے ۔سرپنچ اپر دھارگلون حاجی ماجد چوہدری نے کہاکہ لوگوں کے ساتھ جان بوجھ کر محکمہ دیہی ترقی کے آفیسران دھوکہ کررہے ہیں اور مزدور طبقہ کو دفتر کے سینکڑوں چکر لگوانے کے باوجود بھی اجرت سے محروم رکھا گیا ہے ۔مظاہرین نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں ایک ٹیم تشکیل دی جائے جو مذکورہ معاملہ کی مکمل تحقیقات کر کے لاپرواہی کر رہے ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ نائب تحصیلدار بالاکوٹ نے موقعہ پر جاکر احتجاجیوں کو یقین دلایاکہ ان کی مانگوں کو سنجیدگی کیساتھ لیا جائے گا جبکہ ان کو درپیش مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اے ڈ سی پونچھ نے کہاکہ اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ جی آر ایس کو معطل کر کے دفتر حاضر کیا ہے جبکہ مزید کارروائی کیلئے وہ بالا کوٹ کا دورہ کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ مزدروں کو جلدا ز جلد اجرت دی جائے گی جبکہ ملوث ملازمین کیخلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔