تازہ ترین

سرمایہ کاروں کاچوٹی اجلاس، سکندن نے تیاریوں کا جائیزہ لیا

سرینگر افتتاحی جبکہ جموں اختتامی تقریب کی میزبانی کرے گا

8 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//گورنر کے مشیر کے سکندن نے  ایف آئی سی سی آئی اور سی آئی آئی کے نمائندوں کے ساتھ جے اینڈ کے انوسٹر سمٹ ۔ 2019 کی تیاریوں کا جائیزہ لیا۔  یہ اجلاس جموں کشمیر میں اکتوبر مہینے میں  منعقد ہو رہا ہے ۔ ان نمائندوں نے مختلف اداروں کے رول اور تجربات کے تعلق سے ایک پرذنٹیشن دی ۔ سول سیکرٹریٹ سرینگر میں سی آئی آئی اور ایف آئی سی سی کے نمائندوں نے سمٹ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ اس اجلاس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ریاست میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو سکے ۔ اس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت نوین کمار چودھری ، سپیشل سیکرٹری آئی اینڈ سی اے ایس چب ، ڈائریکٹر انڈسٹریز جموں انو ملہوترہ ، ڈائریکٹر انڈسٹریز کشمیر محمود احمد شاہ اور دیگر کئی افسران بھی موجود تھے ۔ مشیر موصوف نے اس موقعہ پر کہا کہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے روڈ شوز کیلئے چھ مقامی اور چار بین الاقوامی مقامات کی نشاندہی کی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے نمائندوں سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے اہداف مقرر کریں ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ اس اجلاس کیلئے سرینگر اور جموں کا تعین کیا گیا ہے اور یہ تین روزہ اجلاس دونوں مقامات پر منعقد کیا جائے گا جس کیلئے تفصیلی منصوبہ متعلقین مرتب کریں گے ۔ علاوہ ازیں اجلاس کی افتتاحی تقریب سرینگر میں جبکہ اختتامی تقریب جموں میں منعقد ہو گی ۔ سی آئی آئی کے نمائندوں نے کہا کہ اجلاس کی بدولت آٹھ ممالک سے سرمایہ کاروں کو راغب کیا جائے گا اس کے علاوہ سات مرکزی وزارتیں بھی اس میں شامل ہوں گی ۔ اپنی پرزنٹیشن میں ایف آئی سی سی نے کہا کہ یہ ایسوسی ایشن اپنے دیگر ارکان کو بھی مدعو کرے گی ۔ پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت نوین کمار چودھری نے کہا کہ تین روزہ اجلاس اکتوبر مہینے میں منعقد کیا جائے گا ۔