تازہ ترین

قرآنی احکامات پر عمل کامیابی کی واحد ضمانت: میرواعظ

3 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//شب قدر کی مقدس تقریب پر جامع مسجد سرینگر میں میرواعظ محمد عمر فاروق نے شب قدر کی فضیلت و عظمت ، نزول قرآن کے انقلابی عمل کا آغاز اور پیغام قرآنی پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے مسلمانوں پر زور دیا کہ اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات سے آراستہ کریں۔میرواعظ نے رمضان المبارک کے پیغام کو اس کے فکری اور معنوی پہلوؤں کو سمجھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ جہاں ہمیں تزکیہ نفس کے حصول اور اللہ تعالیٰ کی ذات کے ساتھ تمسک کو مزید مستحکم اور مضبوط کرنے کی دعوت دیتا ہے وہیں اس مہینے کے فیوض و برکات اور اللہ کی بے پناہ رحمتوں سے ایک مسلمان کو بھرپور استفادہ کرنے کا موقعہ فراہم ہوتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ من حیث القوم آج جن سنگین نوعیت کے مسائل کا ہمیں سامنا ہے اسکی بنیادی وجہ قرآن حکیم سے دوری اور اسلام کے آفاقی پیغام کو نہ سمجھنے یا ان پر عمل نہ کرنا ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ قرآنی احکامات اور اسلام کے آفاقی نظام حیات کو سمجھے بغیر اور اس کو اپنی زندگیوں میں عملی طور نافذ کئے بغیر ہم صحیح معنوں میں کامیابی اور سرخروئی سے ہمکنار نہیں ہو سکتے ہیں۔میرواعظ نے وطن عزیز کے پُر آشوب اور ناگفتہ بہہ حالات کے تناظر میں عید الفطر کی تقریب اسلامی تعلیمات کے مطابق سادگی کے ساتھ منانے کی دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے عوام سے تاکید کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں غریبوں، ناداروں، مسکینوں، یتیموں اور حاجتمندوں کو بھر پور انداز میں شامل کریںاور اس مقدس مہینے میں ہم نے مواسات ، ہمدردی ، انسان دوستی اور ایثار و قربانی کا جو سبق سیکھا ہے اس کی پورے سال ہم اپنی عملی زندگیوں میں تکرار اور اعادہ کرتے رہیں تاکہ ہم اپنے سماج کو صحیح معنوں میں ایک بہتر اور برائیوں سے پاک سماج کی حیثیت سے تعمیر کر سکیں۔