تازہ ترین

کشمیری دستکاری مصنوعات کافروغ

سرکار کا بِکری کیلئے ٹاٹا،ایمازون اور فلِپ کارٹ سے جُڑنے کا اعادہ

2 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کہا ہے کہ سرکار دستکاریوںکی بِکری کے لئے ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز،فِلپ کارٹ ،امازون اور دیگر ایسی ہی خدمات سے جُڑنے کیلئے اقدامات کررہی ہے تاکہ صدیوںپرانی کشمیری مصنوعات کو دُنیا کے کونے کونے تک پہنچایاجاسکے۔انہوںنے کہاکہ شہر خاص میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد قدیم اور روایتی دستکاریوں سے جڑی ہوئی ہے اورضرورت اس بات کی ہے کہ ان لوگوں کی ترقی کے لئے عملی اقدامات کئے جاسکیں۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ اہم نے اس سلسلے میں کافی غوروفکر کیا ہے اوراب اس سلسلے میں اقدامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔انہوںنے کہا کہ سرکار قالین بافی،پیپر ماشی ،والنٹ ووڈ کارونگ،کریول،چین سٹچ ایمبرائڈری ،ختم بند،نمدہ سازی اوردیگر صدیوں پرانی دستکاریوں کو تحفظ اور ترقی دینے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔انہوںنے ہینڈی کرافٹس اورہینڈلوم محکموں کو شہر خاص علاقے کے لئے ایک مکمل رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی جس میں مصنوعات کے اقسام،دستکاروں کی تعداد بشمول نوجوانوں اورخواتین کی تعداد درج ہو۔اس رپورٹ کو صوبائی کمشنر کے دفتر میںپیش کرنے کے بعد آگے کی کاروائی شروع کی جائے گی تاکہ ان مصنوعات کو عالمی بازاروں تک پہنچایا جاسکے۔صوبائی کمشنر نے مزید کہا کہ سرکار دستکاروں کی ترقی اوراُن کا معیار ِحیات مزید بہتر بنانے کے لئے کئی اہم اقدامات کررہی ہے اوراس مقصد کے لئے سرکار دستکاری کی بِکری کے لئے ٹاٹا،امازون اورفِلپ کارٹ سے جُڑنے کے لئے پہل کو حتمی شکل دے رہی ہے۔