ڈاڈسرہ ترال میں مسلح تصادم ، ذاکر موسیٰ جاں بحق

جھڑپ جاری، شبانہ مظاہرے، انٹرنیٹ سروس معطل

24 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

سید اعجاز
ترال //ترال ڈاڈ سرہ کی بستی باٹی پورہ میں محاصرہ کے دوران فائرنگ کے تبادلے میںانصارغزوۃ الہند سربراہ ذاکر موسیٰ جاں بحق ہوئے جبکہ رات دیر گئے تک یہاں فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔ذاکر موسیٰ کی ہلاکت کی خبرپھیلنے کے ساتھ ہی جنوبی کشمیر کے اکثر علاقوں کے مساجد میں نوجوانوں نے ترانے لاوڈا سپیکر وں پر ترانے شروع کئے اور کئی علاقوں میں شدید ترین جھڑپیں ہورہی تھیں ۔ادھر انتظامیہ نے امن قانون کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لئے  پوری وادی میں انٹرنیٹ سروس  بند کردی۔

تصادم کیسے ہوا؟

جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال سے تقریباً5کلو میٹر دور ڈاڈسرہ کے باٹی پورہ بستی کو 42آر آر،176بٹالین سے وابستہ سی آر پی ایف اہلکاروں اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے جمعرات کی شام 6بجے کے قریب محاصرے میںلے کر گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی۔اس دوران جب فورسز کی تلاشی پارٹی مدثر احمد گانگو داماد غلام محی لدین راتھرکے مکان کے صحن میں داخل ہوئے تو مکان میں موجود جنگجوئوں نے فورسز پارٹی پر فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش کی جس دوران فورسز نے جوابی حملہ کر کے تمام راستوں کو بند کر کے انہیں فرار ہونے کا موقعے نہیں دیاجس کے ساتھ ہی طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا۔اس دوران غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق جھڑپ میں انصار غزۃ الہند کے چیف ذاکر رشید بٹ ولد عبد الرشید بٹ ساکن نور پورہ ترال جاں بحق ہوا ۔اگر چہ سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی تاہم جھڑپ کے دوران ہی جہاں انتظامیہ نے پوری وادی میںانٹرنیٹ سروس بند کی وہیں جنوبی کشمیر میں کئی مقامات پر فون سروس پر بھی روک لگائی گئی اور پوری وادی میں جمعہ کو تمام تعلیمی اداروں میںکام کاج بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اس دوران ذاکر موسیٰ کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی پوری وادی کے ساتھ ساتھ جنوبی کشمیر کے اکثر علاقوں جس میں پلوامہ،رتنی پورہ ،ترال اور شوپیان اور نور پورہ میں نوجوانوں نے مساجد میںلاوڈ سپیکروں پر ترانے شروع کئے جبکہ ذاکر موسیٰ کے آبائی گائوں میں رات دیر گئے تک لوگ احتجاج کر رہے تھے ۔قابل ذکر بات یہ ہے مزکورہ خبر کی اطلاع ملنے کے ساتھ ہی کئی اعلیٰ سابق و موجودہ پولیس اور فورسز افسران نے اس کامیابی پرفورسز کو مبارک باد پیش کی ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ فوج اور فورسز نے جمعرات کی شام کو ڈاڈسرہ کے باٹی پورہ میں جنگجوئوں کمانڈ ذاکر موسی ٰکے ساتھی سمیت موجود ہونے کی اطلاع کے بعد محاصرے میں لیا جس دوران طرفین کے درمیان تلاشی کارروائیوں کے ساتھ ہی جھڑپ شروع ہوئی جو آخری اطلات ملنے تک جاری تھی ۔