تازہ ترین

’جو جیتا وہی سکندر‘مودی مبارک بادی کے مستحق :عمر

24 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

اشفاق سعید
سرینگر //نریندر مودی کو شاندار جیت پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ اب انہیں اپنی پالیسوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ۔ نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران عمر عبداللہ نے کہا’’ ہم نے یہ الیکشن لڑا اور کوشش یہ کی کہ بی جے پی اور این ڈی اے کا کوئی متبادل تیار کر کے ملک کے سامنے رکھا جائے لیکن ملک نے اُس کو قبول نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ جہاں جہاں سے ہم اُمید کر رہے تھے کہ اپوزیشن کو کامیابی ملے گی وہاں سیٹوں کی تعداد بڑھنے کے بجائے گھٹتی گئی۔انہوںنے وادی کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تین سیٹوں پر اُمیدوار کھڑے کئے اور تینوں پر جیت درج کی ۔انہوں نے آج کا دن مودی کی کامیابی کا دن ہے ،او ر مجھے لگتا ہے کہ یہ غلط ہو گا کہ اگر ہم یہاں سے اُن کو مبارک بادی کا پیغام نہ دیں‘‘۔’’ جو جیتا وہی سکندر مودی صاحب جتیا ہے ہماری طرف سے اُن کو مبارک بادی کا پیغام ‘‘مگر اُن سے گزارش بھی کہ پچھلے پانچ برسوں میں انہوں نے جو کیا سو کیا ،اب ان پانچ برسوں میں اُن کو اپنے کام کرنے میں تھوڑی سی تبدیلی لانا پڑے گی، کوشش کی جانی چاہئے کہ وہ سب کو لیکر ساتھ چلیں ‘‘۔عمر عبداللہ نے کہا ’’ ملک نے دوبارہ اُن کو ایک موقعہ دیا ہے ، جموں وکشمیر کے لوگوں کی اُمیدیں ہیں کہ آگے جا کر وہ اس ریاست کے لوگوں کیلئے کچھ بہتر کریں گے‘‘ ۔عمر نے کہا کہ اگر لداخ میں کانگریس نے سازش نہیں کی ہوتی، تو بی جے پی وہاں سے کامیاب نہیں ہو سکتی تھی ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے دو اُمیدواروں کو کھڑا کر کے کرگل کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیااور میں اُمید کرتا ہوں کہ کرگل کے لوگ اُن سے اس بات کیلئے جواب ضرور حاصل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا کوئی بھی ایسا منشور نہیں جس میں انہوں نے 370کا زکر نہیں کیا ہو لیکن اس خطرے کو ہمیں معمولی خطرہ نہیں سمجھنا چاہئے ہم میں جتنی طاقت ہے ہم ضرور اُس طاقت کا استعمال اُس کو بچانے کیلئے کریں گے ۔