وادی کشمیر کی تینوں لوک سبھا سیٹوں پر نیشنل کانفرنس کی جیت

23 مئی 2019 (17 : 03 PM)   
(      )

عظمیِ نیوز ڈیسک

سرینگر/جموں کشمیر نیشنل کانفرنس نے جمعرات کو وادی کشمیر کی تینوں لوک سبھا سیٹوں پر جیت حاصل کرلی ہے۔

حکام کے مطابق پارٹی کے صدر فاروق عبد اللہ سرینگر کی نشست سے،محمد اکبر لون بارہمولہ سیٹ سے جبکہ حسنین مسعودی اننت ناگ سیٹ سے کامیاب قرار دئے گئے ہیں۔

فاروق نے سرینگر کی سیٹ چوتھی بار جیت لی ہے۔

کشمیر میں ناکام ہونے والے اہم اُمیدواروں میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ہیں، جو اننت ناگ سے قسمت آزمائی کررہی تھیں۔

جمعرات کی صبح سے پارلیمنٹ کی 542 نشستوں پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

نتائج کے رجحانات کے مطابق بی جے پی کے اتحاد کو گزشتہ انتخابات سے بھی زیادہ نشستیں مل سکتی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق لوک سبھا کی 542 نشستوں میں سے بی جے پی 292 نشستوں پر آگے ہے جبکہ مجموعی طور پر 340 نشستوں پر اس کا اتحاد آگے ہے۔

 مرکزی حکومت بنانے کے لیے 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور اگر یہ رجحانات برقرار رہے تو بی جے پی کو حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت اپنے بل بوتے پر ہی مل سکتی ہے۔