تازہ ترین

مزید خبریں

23 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک

بانڈی پورہ میں ناجائزطور کاٹی گئی لکڑی ضبط،سمگلرفرار

عازم جان 
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے ایک کارروائی کے دوران ناجائزطور کاٹی گئی لکڑی ضبط کی تاہم اس دوران اسمگلر رات کی تاریکی کافائدہ اُٹھا کرفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔چکریشی پورہ بانڈی پورہ میں شبانہ چھاپہ کے دوران ڈی ایف او بانڈی پورہ کی ہدایت پر رینج آفیسر کہیوہامہ کی قیادت  محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے غیرقانونی طور پر کاٹی گئی لکڑی ضبط کی جبکہ سمگلر تاریکی کافایدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔ رینج آفیسر نے کہا کہ کئی روز سے مقامی سمگلر رات کے دوران غیرقانونی لکڑی سمگلنگ کرنے میں سرگرم ہوئے تھے لیکن محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے فوری طور کارروائی کرکے اُن کے مذموم ارادوں کو ناکام بنا دیا اور موقع پرہی پندرہ مکعب فٹ لکڑی ضبط کرلی ۔ ڈی ایف او بانڈی پورہ نے جنگل سمگلروں کو متنبہ کیا کہ  وہ ناجائزطوردرختوں کی کٹائی سے اجتناب کریں ورنہ ان کے ساتھ سختی سے نپٹاجائے گا ۔
 
 
 

بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کا شاخسانہ

منگت نیابت کی آبادی مشکلات سے دوچار

محمد تسکین 
 بانہال // ضلع رام بن کے تحصیل کھڑی کی منگت نیابت کے لوگوں کو بنیادی سہولیات بہم نہ ہونے کی وجہ سے گونا گوں مشکلات درپیش ہیں۔سات چھوٹے گائوں پر مشتمل منگت علاقہ سرکاری محکموں کی عدم توجہی کاشکار ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق لوگوں کو آج کے دور میں بھی پہاڑی سے اُتر کر میلوں پیدل سفر طے کرکے روزمرہ کے معاملات نپٹانے کیلئے کھڑی اور بانہال کارُخ کرناپڑتا ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ علاقہ میں بجلی کی بے قاعدہ سپلائی بھی لوگوں کیلئے کسی عذاب سے کم نہیں ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ علاقہ میں بجلی کی باربار کٹوتی کی جاتی ہے اور کئی کئی روزبعد علاقہ میں بجلی آتی ہے اور پھر چندگھنٹوں بعد چلی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی بے قاعدہ سپلائی کے باوجود محکمہ اُن سے بلا ناغہ بجلی فیس وصول کرتا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بانہال براست بنکوٹ چاپناڑی سے منگت تک کی رابطہ سڑک پچھلے دس برس سے زیر تعمیر ہے اور ٹھیکیدار کی کوئی نگرانی نہ ہونے کی وجہ سے سڑک کا کام سست رفتاری سے کیا جارہا ہے اور اب تک کئی ڈیڈ لائینز ختم ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  منگت کی آبادی کو زیر تعمیر پرائمری ہیلتھ سینڑ منگت تک جوڑنے کیلئے باوا سے منگت تک رابطہ سڑک کی تعمیر علاقے کی پریشانیوں کا واحد حل ہے کیونکہ رابطہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں نیابت منگت کی آبادی ابھی بھی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ نثار احمد خان نامی ایک مقامی رضاکار نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ گاوں گاوں سڑک پہنچانے کے سرکاری دعوی صرف سرکاری فائلوں تک محدود ہیں اور زمینی سطح پر منگت جیسے درجنوں دیہات ابھی بھی سڑک رابطے سے نہیں جوڑے جا سکے ہیں اورہزاروں کی آبادی اس تیز رفتار دور میں بھی پیدل چلنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگت کے ہرگام ، بنہ گام ، حالی ، دھنگو ، کڑجی ، ناگن ڈار اور بجناڑی کے ہزاروں لوگ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے دشوار گذار زندگی جینے پر مجبور ہیں اور حکام تماشائی کی طرح عوام کی مشکلات کو دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ پسماندہ ہونے کی وجہ سے محکمہ بجلی ، محکمہ دیہی ترقیات اور محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے عوام کو بنیادی سہولیات کی کمی اور عدم دستیابی کو پورا کرنے کیلئے کسی بھی قسم کے ا قدامات نہیں کئے جا رہے ہیں اور سرکاری ملازمین من مرضی سے ہی اس علاقے کا رخ کرتے ہیں۔
 
 
 
 

کولگام میں یتیم فائونڈیشن کے اہتمام سے سمینار

یتیموں،بیوائوں اورناداروں کی امداد کرنے پر مقررین کازور

سرینگر//’سماجی خدمت۔ہمارارول اور ذمہ داریاں‘ عنوان سے بیت الہلال ژولگام میں جموں کشمیر یتیم فائونڈیشن کے اہتمام سے منعقدہ سمینار میں مقررین نے لوگوں پرزوردیاکہ وہ سماج میں یتیموں،بیوائوں اور نادارلوگوں کی بہبود اوربازآبادکاری کیلئے اقدام کریں۔ انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت اور وسیلہ دار لوگوں کایہ فرض ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنارول اداکرکے اللہ تعالی کی خوشنوی حاصل کریں۔اس موقعہ پر تقریر کرتے ہوئے ضلع افسر چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی  بشیراحمدخان نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ غریب اور ضرورت مندوں کی ہرممکن طریقے سے مددکریں تاکہ سماج کو جرائم سے محفوظ رکھاجاسکے ۔پالی ٹیکنیک کالج کولگام کے وائس پرنسپل محمداسداللہ نے کمزور اور پسماندہ طبقوں کے ساتھ بہتر اورتعمیری رابطہ رکھنے کی تلقین کی تاکہ وہ سماجی واقتصادی سطح پر ترقی کرسکیں۔ چیئرمین جموں کشمیر یتیم فائونڈیشن محمد احسن راتھر نے اپنے خطاب میں لوگوں سے تلقین کی کہ وہ غریب اور نادار لوگوں کی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں امداد کریں۔الہلال ایجوکیشنل انسٹی چیوٹ کے انچارج عبدالمجیدلاوے نے اپنے استقبالیہ خطبے میں کولگام میں جموں کشمیر یتیم فائونڈیشن کی سرگرمیوں کاخلاصہ پیش کیا۔اس موقعہ پر جموں کشمیر ہتیم فائونڈیشن کی دستاویزی فلم’ٹوگیدرودآرفینز،وڈوزاینڈ ڈیسٹی چیوٹ ‘کی بھی نمائش کی گئی۔
 
 
 

اننت ناگ پولیس لائنز میں تقریب

سبکدوش اہلکاروں سے ایس ایس پی کی ملاقات

سرینگر// ضلع پولیس لائنزاننت ناگ میں ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں کی ایس ایس پی کے ساتھ ایک میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ جس میں ضلع سے تعلق رکھنے والے محکمہ پولیس سے سبکدوش ہوئے ملازمین نے شرکت کی۔  اس میٹنگ میں اے ایس پی ہیڈ کوارٹر اننت ناگ اور ڈی ایس پی ڈی آر ار بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں ضلع صدر منظور احمد ریٹائرڈ ایس آئی کی سربراہی میں سبکدوش ہوئے ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سابق ملازمین نے میٹنگ کے دوران اس مطالبے کو دہرایا کہ سابق فوجی اہلکاروں کو جو مراعات ریزرویشن کے حوالے سے دیئے جارہے ہیں اُسی طرز پر ہمارے بچوں کو بھی ریزرویشن کے زمرے میں لایا جائے ۔ چنانچہ میٹنگ میں اُجاگر کئے گئے مسائل کو ایس ایس پی نے بڑی توجہ کے ساتھ سنا اور اُنہیں یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کو وقت مقرر ہ کے اندر اندر حل کرنے کیلئے تمام طرح کے وسائل بروئے کار لائے جائیںگے تاکہ اُنہیں مستقبل میں دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایس ایس پی اننت ناگ نے ریٹائرڈ ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جلد ہی ضلع پولیس لائنز اننت ناگ میں تحقیقاتی کام کے حوالے سے ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا جائے گا جس میں آپ کی آراء اور مشوروں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ میٹنگ خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی ۔
 
 

نوجوان سماجی کارکن عرفان بانکا ، اقوام متحدہ کی کانفرنس میں مدعو

سری نگر// بارہمولہ کے پٹن علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان سماجی کارکن اور جموں کشمیر حق اطلاعات فاؤنڈیشن کے چیئرمین عرفان بانکا کو دبئی میں ہونے والی اقوام متحدہ کی ایک کانفرنس میں شرکت کرنے کیلئے ایک نمائندہ کے طور منتخب کیا گیا  ہے۔'عرب یوتھ انٹر نیشنل ماڈل یونائیٹڈ نیشنز' کے نام سے ہر سال کانفرنس کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر کے نوجوان رہنما ایک میٹنگ سیشن میں بیٹھ کر اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کرتے ہیں۔عرفان بانکا کو سال رواں کی کانفرنس میں شرکت کرنے کے لئے 5 ہزار4  سو 15 درخواست دہندگان میں سے منتخب کیا گیا ہے۔ کانفرنس کا انعقاد 19سے 22 ستمبر تک عرب امارات کے دارلخلافہ دبئی میں ہوگا۔کانفرنس میں نوجوان لیڈروں کو دنیا میں قیام امن کے لئے اور تبدیلی لانے کے لئے مذاکرات کو فروغ دینے کا بہتر موقعہ فراہم ہوگا۔عرب یوتھ انٹرنیشنل ماڈل یونائیٹڈ نیشنز نمائندوں کو ابھرتے ہوئے عالمی معاملوں پر بحث و مباحثہ کرنے اور دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لئے قراردادیں ترتیب دینے اور ان لوگوں کے ساتھ تعاون کرنے جو دنیا میں تبدیلی لانے کے لئے مصروف عمل ہیں، پلیٹ فارم مہییا کرے گا۔عرفان بانکا نے کانفرنس میں شرکت کرنے کو اپنے لئے ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا’یہ میرے لئے ایک بہترین موقعہ ہے اور میں انتہائی خوش ہوں‘۔انہوں نے کہا کہ مجھے دنیا کے نوجوان لیڈروں کے ساتھ عالمی سطح کے مسائل کے سدباب کے لئے اپنے تجربے اور نظریات کو شیئر کرنے کا موقعہ ملے گا۔قابل ذکر ہے کہ عرفان بانکا ایک سماجی کارکن ہیں۔ انہوں نے سال 2016 میں سرکاری نوکری کو خیر باد کہہ کر انجینئرنگ کنسلٹنسی سروس قائم کی۔(یو این آئی)
 
 
 

لائن آف کنٹرول پر  فوج نے ٹیٹوال ڈے منایا 

اشفاق سعید 

 سرینگر //سرحدی قصبہ ٹیٹوال میں فوج نے بدھ کو ٹیٹوال ڈے منایا ۔اس موقعہ پر منعقدہ تقریب میں سول انتظامیہ اورمقامی لوگوں کے علاوہ علاقے کے مختلف سکولوں کے بچوں نے شرکت کی ۔تقریب کے موقعہ پر جی او سی 28انفینٹری ڈویژن جی بی چودھری مہمان خصوصی تھے جبکہ 104انفینٹری برگیڈ کے کمانڈر پرم ویر سنگھ نے مہمان ذی وقار کی حیثیت سے شرکت کی  ۔تقریب کے موقعہ پر پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی وہاں موجود تھے ۔ ٹیٹوال ڈے کے سلسلے میں طلبا نے رنگا رنگ تمدنی پروگرام کے علاوہ کئی دیگر کھیلوں کا بھی مظاہرہ کیا۔ اس موقہ پر بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبا و طالبات کوانعامات سے بھی نوازا گیا۔فوج کے مطابق ٹیٹوال ڈے کومنانے کا مقصد 1947 میں فوج  کے اُن جوانوں کو خراج پیش کرناتھا جنہوںنے ٹیٹوال میں قبائیلی حملہ آوروں کا مقابلہ کر کے ملک کو بچایا تھا۔
 
 
 
 

بانڈی پورہ کے نجی سکول میں سیرت ؐکانفرنس

عازم جان 

بانڈی پورہ//بلومنگ بَڈس سکول پلان بانڈی پورہ میں نجی اسکولوں کی انجمن کے اہتمام سے سیرت کانفرنس کاانعقادکیاگیا جس میں فیض عام ہائی سکول ،غوثیہ اسلامی ماڈل سکول ،شاہمدان اسلامی ماڈل سکول، اقبال میموریل پبلک سکول ،گڈول سکول بانڈی پورہ اوردیگرنجی اسکولوں کے طلبہ وطالبات نے حصہ لیا ۔ امام حی بانڈی پورہ مولانا خورشید ندوی نے کانفرنس کی صدارت کی جبکہ مہمان خصوصی محمدسلیم بٹ تھے۔ جج کی حیثیت سے بشیر احمد ڈار،علی محمد صوفی اور مظہرالحق موجودتھے۔تقریب کے اختتام پرمقابلے میں شریک طلبہ وطالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔  
 
 
 

جے کے ای ڈی آئی 28مئی سے سمارٹ جے کے ہیکاتھان کی میزبانی کرے گا

سرینگر// جموں اینڈ کشمیر انٹرپرنیورشِپ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ جے کے سٹارٹ اپ پالیسی کے تحت اپنی نوعیت کے پہلے سمارٹ جے کے ہیکاتھان کی میزبانی کرے گا جو 28مئی سے 5جولائی2019ء تک جاری رہے گا۔انسٹچیوٹ کی طرف سے ریاستی سطح پر ہیکاتھان کا انعقاد ہوگا تاکہ طلبأ،ڈراپ اوٹس اورپیشہ ورو ں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیاجاسکے جس کے تحت وہ لوگوں کو درپیش روزمرہ کے مسائل حل کرنے کے لئے راہیں تلاش کریں گے۔ہیکاتھان ایک ایسا ڈیجٹل مقابلہ جاتی پروگرام ہے جس کے طفیل عام لوگوں،تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل ڈجٹل ٹیکنالوجی کی اختراعیت سے حل کئے جائیں گے۔28مئی کو39دنوں تک جاری رہنے والے ہیکاتھان کی باضابطہ شروعات کی جائے گی ۔اس دوران ڈجٹل اختراعیت کے تحت مسائل کے حل کے لئے اعزازات عطا کئے جائیں گے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
مینڈھرکا شیئر مارکیٹ گھٹالا
جعلسازی کے ذریعہ کروڑوں روپے جمع کرنیوالا گرفتار
جموں //کرائم برانچ نے مینڈھر کے سادہ لوح عوام سے جعلسازی کے ذریعہ کروڑوں روپے جمع کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیاہے ۔کرائم برانچ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 16مئی کو عبدالکریم ولد راج محمد ساکن پٹھانہ تیر مینڈھر اور دیگر ان نے پولیس تھانہ مینڈھر میں شکایت درج کرائی جس میں یہ الزام عائد کیاگیاکہ طارق محمود ولد محمد عزیز ساکن چھونگاں تحصیل مینڈھر، مرتضیٰ احمد ولد محمد بشیر ساکن چک بنولہ تحصیل مینڈھراور امتیاز احمد ولد محمد عزیز ساکن چھونگاں مینڈھر اور دیگران نے مینڈھر کے لوگوں سے کروڑوں روپے اس وعدے پر وصول کرلئے ہیں کہ انہیں اس کے عوض بھاری شرح سود کے ساتھ رقم واپس ملے گی ۔ اس شکایت پر پولیس تھانہ مینڈھر میں ایف آئی آر زیر نمبر 70/2019زیر دفعہ 420آر پی سی کا کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی اور لوگوں کے غم وغصہ اور معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے کیس کی تحقیقات کرائم برانچ جموں کو سونپ دی گئی ۔کرائم برانچ نے 22مئی کو کیس سنبھالا اور اس حوالے سے ڈی وائی ایس پی بھوشن کمار گنجو کی قیادت میں خصوصی تحقیقات ٹیم تشکیل دی گئی جس نے فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے مقدمہ کے اہم ملزم طارق محمود کو گرفتار کرلیا ۔کرائم برانچ کی طرف سے ملزم سے پوچھ تاچھ کا عمل جاری ہے ۔کرائم برانچ کے مطابق ملزم طارق محکمہ صحت میں فرماسسٹ کے طور پر کام کررہاہے اور وہ اس وقت ہیلتھ سب سنٹر بٹھوئی مہور ضلع ریاسی میں تعینات ہے ۔ ملزم کو حکام کی طرف سے معطل کیاگیاہے اور کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں ۔واضح رہے کہ مینڈھر میں شیئر مارکیٹ کا معاملہ سامنے آنے کے بعد بڑے پیمانے پر عوامی غم و غصہ کا اظہار کیاگیا اور لوگوں نے ملزمان کی گرفتاری عمل میں لاکر وصول کی گئی رقم واپس کرنے کی مانگ کی ۔
 
 
 
 
1990سے اذیتوں اور بلاجوازہلاکتوں کے76 معاملات 
بارایسوسی ایشن نے انسانی حقوق کونسل کے نمائندوں کی ستائش کی
سرینگر//جموں کشمیرہائی کورٹ بارایسوسی ایشن نے اقوام متحدہ کی حقوق انسانی کونسل کے تین خاص نمائندوں کی ستائش کی ہے جنہوں نے بھارت سے جموں کشمیرمیں 1990سے اذیت اور بلاجوازہلاکتوں کے76 معاملوں ،جن میں 2018کے13معاملے بھی شامل ہیں،کے متاثرین اور ان کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کیلئے کئے گئے اقدامات کی تفاصیل طلب کی ہیں۔ بار نے اقوام متحدہ کی حقوق انسانی کونسل کے نمائندوں کے اس مکتوب میں بھارت کے ردعمل کاتمسخر اڑاتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی سے تعبیر کیاہے۔بار نے گمشدہ افراد کے والدین کی انجمن اور جموں کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹیز کے اُس رول کی بھی تعریف کی جو انہوں نے وقتاًفوقتاًریاست میں1990کے بعد حقوق انسانی کی پامالیوں کو اُجاگر کرنے کیلئے اداکیا۔بار نے ضلع مجسٹریٹ سرینگر کی طرف سے زکورہ میں سی آر پی ایف کیمپ کو99سال کیلئے 60کنال اراضی دینے کی بھی مذمت کی۔ بار نے اسے قانون کی خلاف ورزی قرار دیااور کہا کہ ہائی کورٹ نے مذکورہ اراضی کو خالی کرنے کا حکم دیا تھا ۔  
 
 
 
ڈی جی فائیرسروسز کا دورئہ جنوبی کشمیر 
 فائیر سٹیشنوں کا معائنہ کیا
سرینگر// ڈائریکٹر جنرل فائیر اینڈ ایمرجنسی سروسز وی کے سنگھ نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ، بجبہاڑہ، قاضی گُنڈ اور کمانڈ آفس اننت ناگ کا دورہ کر کے وہاں قائم فائیر سٹیشنوں کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل نے فائیر اینڈ ایمرجنسی عملے کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہیں موقعہ پر ہی کئی احکامات دیئے۔ڈائیریکٹر جنرل نے فائیر سروس عملے کی لگن اور تندہی کی سراہنا کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فائیر اینڈ ایمرجنسی سروسز کمانڈ افس اننت ناگ بھی اُن کے ہمراہ تھے۔
 
 
کھیربھوانی میلہ کیلئے بجٹ میں اضافہ کیا جائے:ڈاکٹر شاہ فیصل
سرینگر//جموں و کشمیر پیپلز مومنٹ کے صدر ڈاکٹر شاہ فیصل نے ریاستی سرکار سے اپیل کی ہے کہ سالانہ کھیربھوانی میلہ کیلئے بجٹ میں اضافہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ دلی سے سرینگر تک ٹرانسپورٹ کے بہتر انتظامات کئے جائیں تاکہ یاتریوں کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ یاترا میں زیادہ سے زیادہ عقیدتمندوں کی شرکت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔بیان کے مطابق ڈاکٹر شاہ فیصل تنظیم کے دفتر پر پنڈتوں کے ایک وفد سے تبالہ خیال کررہے تھے۔
 
 
مسئلہ کشمیر کے بامعنی حل تک خون خرابہ پر روک لگانا ناممکن:صحرائی
سرینگر//تحریک حریت نے کولگام میں فورسزکے ساتھ جھڑپ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نونہال مسئلہ کشمیر کو اُس کے تاریخی پس منظر میں حل نہ کرنے کی وجہ سے اپنی جانیں لٹارہے ہیں۔ انہوں نے بامعنی ،غیر مشروط اور مسلسل مذاکرات کی افادیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی تناظر،اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عوامی خواہشات کے عین مطابق حل نہیں کیا جاتا،خون خرابہ جاری رہے گا اور انسانی جانوں کے اتلاف پر روک لگانا ناممکن ہوگا ۔کے این ایس  کے مطابق تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ ہمارے نونہال مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر میں حل نہ کرنے کی وجہ سے اپنی عزیز جانیں لٹارہے ہیں ۔ صحرائی نے بھارتی افواج اور حکام پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حق پر مبنی مطالبہ آزادی کی پاداش میں ریاست کو ایک بڑے مقتل میں تبدیل کررکھا ہے ۔انہوں نے ریاست میں بھاری فوجی جمائو پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کی ریاست واحد خطہ ہے جہاں ہر آدمی کے تعاقب میں اوسطاََ دو فوجی بندوق تان کر اس کا جینا حرام کررہے ہیں ۔انہوںنے ریاست میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اقوام عالم کی خاموشی کوسسکتی انسانیت اور تسلیم شدہ ذریں اصولوں کے لئے سم قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی تنظیموں کو اس سلسلے میں فعال کردار ادا کرکے جمہوریت کا دعویٰ کرنے والوں سے جواب طلب کرنا چاہئے۔ 
 
 
 
ادھمپور میں ایس ایف سی منیجر گرفتار 
جموں/انسداد بدعنوانی  بیورو کے اہلکاروں نے سٹیٹ فارسٹ کارپوریشن ادھم پور کے ڈویژنل منیجر کو بدعنوانی کے ایک کیس میں گرفتار کیا ہے۔ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ انسداد بدعنوانی بیورو دوڈہ نے پورن چند بھگت ساکن آر ایس پورہ جموں جو اس وقت سٹیٹ فارسٹ کارپوریشن ادھم میں ڈویژنل منیجر کی حیثیت سے تعینات ہیں، کے خلاف رومیش چندر ساکن کورٹ روڑ ادھم پور کی طرف سے ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر بدعنوانی کے کیس میں گرفتار کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شکایت گذار نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ وہ گذشتہ بیس برسوں سے سٹیٹ فارسٹ کارپوریشن ڈویژن ادھم پور میں کنٹریکٹر کی حیثیت سے کام کررہا ہے اور گذشتہ ڈھائی برسوں سے متعلقہ محکمہ کی طرف سے اس کو ڈوڈو رینج ضلع اودھم پور میں لوڈنگ، ٹرانسپورٹیشن وغیرہ کا کام دیا گیا ہے۔شکایت گذار نے الزام عائد کیا ہے کہ موصوف منیجر اس سے بل کے دستاویز اجرا کرنے کے لئے 48 ہزار روپیے رشوت مانگ رہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ مجھے تیس ہزار پیشگی ادا کرنے اور باقی اٹھارہ ہزار بل کی واگذاری کے بعد ادا کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ مجبوری کی حالت میں شکایت گذار 21 مئی کو موصوف افسر کو تیس ہزار روپیے پیشگی ادا کرنے پر راضی ہوا۔انہوں نے کہا کہ ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے آزاد گواہوں کی موجودگی میں ادھم پور میں قائم دفتر اور رہائش گاہ پر موصوف افسر کو شکایت گذار سے تیس ہزار روپئے رشوت کا مطالبہ کرتے ہوئے اور لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا۔انہوں نے بتایا کہ قصوروار افسر کو کیس میں مزید تحقیقات کے لئے گرفتار کیا گیا ہے۔یو این آئی
 
 
 
پروفیسر وحید کو برسی پرخراج عقیدت
سرینگر// نیشنل فرنٹ نے چندی لورہ ٹنگمرگ کے پروفیسر وحید کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ایک بیان میں فرنٹ کے محبوس چیئر مین نعیم خان نے پروفیسر وحید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم دانشور ،مفکر ،دیندار اور باصلاحیت شخص تھے جنہوں نے آرام دہ زندگی کے تمام امکانات کو لات مار کر قوم کی اجتماعی آزادی کی راہ میں ہر طرح کے مصائب جھیلے اور آخر کار اسی راہ میں اپنی جان بھی قربان کردی۔
 
 
 
جنگلات کی کٹائی پر شائع خبر کا اثر 
ڈی ایف او بھدرواہ سمیت 7ملازم معطل 
طاہر ندیم خان 
بھدرواہ //فارسٹ ڈیویژن بھدرواہ کے چرالا رینج کے جائی بلاک میں جنگلات کی اراضی پر ناجائز تجاوزات اور سرسبز سونے کی بے دریغ کٹائی سے متعلق کشمیر عظمیٰ /گریٹر کشمیر میں شائع ہونے والی خبر کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ریاستی گورنر کے مشیر نے جنگلات کو تحفظ دینے میں ناکامی پر ڈی ایف او بھدرواہ اور 6دیگر ملازمین کو معطل کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔گورنر کے مشیر نے اس سلسلے میں پرنسپل چیف کنزرویٹر فارسٹ کو حکمنامہ زیر نمبر OSD(A) /Adv(K) 2019//326کے ذریعہ یہ ہدایت جاری کی ہے کہ ڈیویژنل فارسٹ افسر (ڈی ایف او)بھدرواہ، رینج افسر(آر او)چرالا، جائی بلاک کے فارسٹر اور کمپارٹمنٹ نمبر 1سے 12میں تعینات تمام فارسٹ گارڈز کو معطل کرکے مزید احکامات تک پی سی سی ایف دفتر منسلک کردیاجائے ۔پرنسپل چیف کنزرویٹر فارسٹ سے کہاگیاہے کہ وہ اس سلسلے میں تحقیقات کرکے رپورٹ دس دنوں میں ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کو پیش کریں ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کشمیرعظمیٰ اور گریٹر کشمیر کے 12مئی کے شمارے میں یہ خبر شائع ہوئی تھی کہ چرالا رینج میں جنگلات کی بے دریغ طریقہ سے کٹائی ہورہی ہے اور جنگلاتی اراضی پر ناجائز تجاوزات کھڑی کی جارہی ہیں جس سے ماحولیاتی نظام پر اثر پڑرہاہے ۔مقامی لوگوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہاں ایک مافیا سرگرم ہے جو جنگلاتی اراضی کو سمگلنگ کررہاہے ۔یہ اطلاع بھی سامنے آئی تھی کہ جب میڈیا کی ایک ٹیم علاقے میں جنگلات کے کٹائو پر رپورٹ کرنے گئی تو اس پر حملہ کرکے 
نمائندگان کو یرغمال بنایاگیا اور جنگل مافیا نے انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں ۔