تازہ ترین

اقوام متحدہ کی بھارت سے جواب طلبی | خوش آئند،عملی اقدامات کی بھی ضرورت:گیلانی

23 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر// حریت (گ) چیرمین سید علی گیلانی نے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت سے وضاحت طلب کرنے کو اگرچہ خوش آئیند قرار دیا، لیکن اس ضمن میں اقوامِ متحدہ کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ذمہ داری کو نبھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ حریت راہنما نے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ان پر روک لگائے جانے کے لیے بھارت پر سیاسی اور سفارتی دباؤ بڑھایا جانے کا مطالبہ کیا۔ حریت چیرمین نے کہا کہ ریاستی عوام کی مزاحمتی جدوجہد انکا ایک جمہوری حق ہے اور اس کو فوجی طاقت کے بل پر روک دینا انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے۔گیلانی نے کہاکہ انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے بھارت کے نام صرف جواب طلبی کے خطوط ہی کافی نہیں، بلکہ اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سمیت ایمنسٹی انٹرنیشنل اور عالمی ریڈکراس کمیٹی کو شورش زدہ ریاست کا از خود دورہ کرکے عام لوگوں کے علاوہ قیدیوں کی حالت زار کا مشاہدہ کرنا چاہیے۔ حریت راہنما نے جیل خانوں کے اندر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی ناگفتہ بہ تکالیف کے باوجود صبروثبات کا مجسمہ بنے ہوئے جملہ قیدیوں بشمول محمد یٰسین ملک، مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، ڈاکٹر حمید فیاض، ڈاکٹر شفیع شریعتی، ڈاکٹر محمد قاسم، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، غلام قادر بٹ، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان، شاہدالاسلام، فاروق احمد ڈار، سید شاہد یوسف، سید شکیل احمد، ظہور احمد وٹالی، مظفر احمد ڈار، محمد یوسف فلاحی، عبدالغنی بٹ، ایڈوکیٹ زاہد علی، نور محمد کلوال، شکیل احمد یتو، محمد یوسف میر، عبدالاحد پرہ، حکیم شوکت، اسداللہ پرے، نذیر احمد شیخ، محمد ایوب میر، محمد ایوب ڈار، منظور احمد، طارق احمد، ٹکا خان، محمد شفیع وانی، مولانا سرجان برکاتی، غلام مصطفیٰ، بشارت بزاز، مشتاق احمد حرہ، یٰسین احمد حرہ، ڈاکٹر محمد سلیم ڈار، بشیر احمد کشمیری، عبدالحی وغیرہ کو عقیدت کا سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ان محبوسین کی رُوداد ابتلاء عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے ایک روشن مثال کی حیثیت رکھتی ہے۔