تازہ ترین

میرواعظ مولوی محمدفاروق کی29ویں برسی

عوامی مجلس عمل کا ہفتہ بھر جاری رہنے والی تقریبات کا پروگرام جاری ، 21مئی کو ہڑتال کی اپیل

16 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//عوامی مجلس عمل نے 21مئی کو تنظیم کے بانی میرواعظ مولوی محمد فاروق اورحول میں جان بحق ہوئے افراد کی29 ویں برسی کے سلسلے میں ہفتہ بھرجاری رہنے والے پروگرام کااعلان کیا ہے۔ ایک بیان کے مطابق 18 مئی سنیچروار کو اس سلسلے میں ہفتہ بھر جاری رہنے والی تقریبات کا آغاز مرکزی جامع مسجد سرینگر اور عوامی مجلس عمل کے مرکزی اور تمام ضلعی و تحصیل دفاتر پر صبح 11 بجے سے قرآن خوانی اور دعائیہ مجالس کے ساتھ ہوگا جبکہ انجمن اوقاف جامع مسجد کے زیر اہتمام مقابلہ حسن قرأت کی محفل مرکزی جامع مسجد سرینگر میں منعقد ہوگی۔19 مئی اتوار کو حریت ہیڈ کوارٹر راجباغ سرینگرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام سمینار کا انعقاد ہوگا جس میں سرکردہ حریت رہنما مرحوم میرواعظ اوراس روز جاں بحق ہوئے جملہ افراد کو خراج عقیدت ادا کریں گے۔20 مئی سوموار کو انجمن نصرۃ الاسلام کے زیر اہتمام صبح10:30 بجے سے اسلامیہ ہائیر سیکنڈری سکول راجوری کدل کے آڈیٹوریم میں ایک اصلاحی سمینار’’ عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی ‘‘ کے زیر عنوان منعقد ہوگا جبکہ اس موقعہ پر مجلہ نصرۃ الاسلام کا خصوصی نمبر 2019ء کا اجرا بھی عمل میں لایا جائیگا جبکہ اسی روز بعد نماز ظہر عوامی مجلس عمل کے زیر اہتمام تنظیم کے مرکزی دفتر میرواعظ منزل راجوری کدل میںورکرس ریلے بھی منعقد ہوگی۔ 21 مئی منگلوار مرحوم میرواعظ مولوی محمد فاروق ؒ ، حول میں جان بحق ہوئے افراد،مرحوم عبدالغنی لونؒ اوردیگر کی یاد میں مکمل ہڑتال کی جائے گی جبکہ بعد نماز ظہر عیدگاہ سرینگرمیں اجتماعی فاتحہ خوانی اور اسکے فوراً بعد سرکردہ حریت قائدین جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس میںاُن کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اجتماعی طور تجدید عہد کیا جائیگا۔ تنظیم نے گزشتہ 28 سال کی روایت جس کے تحت مرحوم میرواعظ کی یاد میں مفت طبی اور عطیہ خون کیمپ کا اہتمام کیا جاتا تھا جس کے تحت ہزاروں غریبوں اور ضرورتمند بیماروں کا نہ صرف مفت علاج و معالجہ کیا جاتا تھا بلکہ ان میں مفت ادویات بھی تقسیم کی جاتی تھیں تاہم اس بار ریاستی انتظامیہ نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر ریاست کے محکمہ صحت سے وابستہ ڈاکٹر وں کواس مفتی طبی کیمپ میں شمولیت سے روک دیا ،کی مذمت کی ہے۔